تشریح:
(1) رسول اللہ ﷺ نے چھ ہجری میں عمرے کا ارادہ کیا تو مشرکین نے آپ کو بیت اللہ پہنچنے سے روک دیا۔ اس موقع پر سورۂ فتح نازل ہوئی۔ صحابۂ کرام ؓ کو اجازت دی گئی کہ وہ اپنے قربانی کے جانور ذبح کر دیں، سر منڈوا کر احرام کھول دیں۔ حضرت ابن عمر ؓ نے اسی واقعۂ حدیبیہ کی طرف اشارہ کیا ہے۔ (2) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ رکاوٹ کے وقت عمرے کا احرام بھی کھولا جا سکتا ہے جبکہ بعض حضرات احصار کو صرف حج کے ساتھ خاص کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حج کا وقت مقرر ہے جبکہ عمرہ تو کسی وقت بھی کیا جا سکتا ہے لیکن ان کا موقف متعدد احادیث کے خلاف ہے۔ امام بخاری ؒ نے انہی حضرات کی تردید کے لیے یہ احادیث پیش کی ہیں۔ پھر احصار کسی معین امر سے نہیں ہوتا بلکہ جو بیمار ہو جائے یا دشمن کا خطرہ ہو یا خرچہ ختم ہو جائے، بہرحال جس صورت میں بھی بیت اللہ تک نہ پہنچ سکتا ہو وہ محصر ہو گا اور اس پر احصار کے احکام لاگو ہوں گے۔ (3) حضرت عبداللہ بن عمر ؓ کا مقصد یہ تھا کہ اگر مجھے عمرہ کرنے سے روک دیا گیا تو میں وہی کروں گا جو ایسے حالات میں رسول اللہ ﷺ نے کیا تھا، یعنی عمرے کا احرام کھول دوں گا جیسا کہ رسول اللہ ﷺ نے احرام کھول دیا تھا۔ (4) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جس طرح حج میں احصار ممکن ہے عمرے میں بھی ہو سکتا ہے۔ امام بخاری ؒ بھی اسی موقف کو ثابت کرنا چاہتے ہیں، چنانچہ اس کی تفصیل درج ذیل حدیث میں ہے۔