تشریح:
(1) رسول اللہ ﷺ مکہ مکرمہ سے ہجرت کر کے مدینہ طیبہ تشریف لائے تھے لیکن آپ نے مدینہ طیبہ ہی کو اپنا حقیقی ٹھکانا اور وطن بنا لیا۔ اس کی آبادی اور ترقی کے لیے اس قدر کوشاں ہوئے کہ اسی کے ہو کر رہ گئے۔ آپ کا یہ اولین مقصد تھا کہ اس کی آبادی ہر طرف سے قائم رہے اور اس میں ترقی ہوتی جائے تاکہ کفارومنافقین پر رعب پڑے۔ (2) حضرت امام بخاری ؒ کا اس عنوان اور پیش کردہ حدیث سے مقصود یہ ہے کہ مدینہ طیبہ کی اقامت ترک کرنا شریعت کی نظر میں پسندیدہ نہیں ہے بلکہ یہ اس مسلمان کی عین سعادت ہے جسے وہاں اطمینان کے ساتھ اقامت مل جائے، چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے بنو سلمہ کی نقل مکانی کو اسی لیے ناپسند فرمایا، البتہ دعوت دین اور اسلام کی ترویج و اشاعت کے لیے اگر مدینہ طیبہ کی اقامت چھوڑنی پڑے تو اس میں کوئی حرج نہیں جیسا کہ متعدد صحابۂ کرام ؓ نے دعوت و تبلیغ کے لیے مدینہ طیبہ کو چھوڑ دیا تھا۔ (3) مدینے سے باہر رہتے ہوئے بھی اپنے دل میں اس کی محبت رکھنا عین ایمان ہے۔