تشریح:
(1) روزہ دار کے لیے اپنی بیوی کو بوسہ دینے کے متعلق مختلف آراء ہیں: بعض نے جوان اور بوڑھے ہونے کا فرق بیان کیا ہے اور بعض حضرات نے اپنے آپ پر کنٹرول کرنے کو مدار قرار دیا ہے۔ امام نووی ؒ فرماتے ہیں کہ بحالت روزہ بیوی کو بوسہ دینا حرام نہیں بشرطیکہ اس سے شہوت میں کوئی تحریک پیدا نہ ہو، تاہم بہتر ہے کہ اجتناب کیا جائے۔ اور جس انسان میں بوسہ دینے سے تحریک پیدا ہو سکتی ہے اس کے لیے یہ کام حرام ہے۔ اور اگر بوس و کنار کرتے وقت انزال ہو جائے تو اس کا روزہ باطل ہے، اسے بعد میں اس کی قضا دینی ہو گی۔ (فتح الباري:195/4)) حضرت عمر بن ابی سلمہ ؓ نے ایک دفعہ رسول اللہ ﷺ سے سوال کیا کہ روزے دار اپنی بیوی کو بوسہ دے سکتا ہے؟ تو آپ نے حضرت ام سلمہ ؓ کی طرف اشارہ کر کے فرمایا: ’’اس سے پوچھ لو۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ ہمارے ساتھ ایسا کر لیتے ہیں۔ اس نے عرض کی: اللہ کے رسول! اللہ تعالیٰ نے آپ کے تمام گزشتہ اور پیوستہ گناہ کو معاف کر دیے ہیں۔ آپ نے فرمایا: ’’میں تمہاری نسبت اللہ سے زیادہ ڈرنے والا ہوں۔‘‘ (صحیح مسلم، الصیام، حدیث:2288(1108)) (2) اس روایت سے معلوم ہوا کہ روزے کی حالت میں بیوی سے بوس و کنار کرنا رسول اللہ ﷺ کی خصوصیت نہیں، صرف خود پر کنٹرول کرنا ضروری ہے۔ واللہ أعلم