تشریح:
(1) عنوان میں دو ٹوک الفاظ میں کوئی حکم نہیں بیان کیا گیا کیونکہ پیش کردہ حدیث میں اس کی وضاحت تھی۔ (2) بعض حضرات کا موقف ہے کہ جس شخص کو دوران اقامت میں رمضان کا چاند نظر آ جائے اسے دوران سفر میں روزہ افطار کرنے کی اجازت نہیں۔ دلیل کے طور پر حضرت علی ؓ سے مروی ایک حدیث پیش کی جاتی ہے کہ جس شخص کو حضر میں رمضان آ جائے، پھر وہ سفر کرے تو اس کے لیے روزہ چھوڑنا جائز نہیں کیونکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿فَمَن شَهِدَ مِنكُمُ الشَّهْرَ فَلْيَصُمْهُ﴾ (البقرة:195:2) ’’جو تم میں سے اس مہینے میں موجود ہو، اسے چاہیے کہ روزہ رکھے۔‘‘ امام بخاری ؒ نے اس عنوان سے حدیث مذکور کے ضعف کی طرف اشارہ کیا ہے کیونکہ رسول اللہ ﷺ دس رمضان کو فتح مکہ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ کو رمضان کا چاند مدینہ طیبہ میں نظر آیا تھا اور آپ نے چند روزے رکھنے کے بعد سفر کا آغاز کیا۔ اسی طرح بعض حضرات کا کہنا ہے کہ اگر دوران حضر میں فجر طلوع ہو تو اس دن سفر کرنے کے بعد بھی روزہ ترک کرنا جائز نہیں جبکہ اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے روزہ رکھنے کے بعد دوران سفر میں اسے افطار کیا تھا۔ اس سے معلوم ہوا کہ روزہ رکھنے کے بعد اگر سفر کا آغاز کیا جائے تو دوران سفر میں اسے پورا کرنا ضروری نہیں بلکہ اسے چھوڑا جا سکتا ہے۔ (فتح الباري:231/4)