تشریح:
(1) عاشوراء دسویں محرم کو کہتے ہیں۔ محرم الحرام کا مہینہ دین اسلام میں بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ اسے ان چار مہینوں میں شامل کیا گیا ہے جن کی عزت و توقیر کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔ ادب و احترام والے چار مہینے حسب ذیل ہیں: ٭ ذوالقعدہ ٭ ذوالحجہ ٭ محرم ٭ رجب۔ ماہ محرم کی عزت اس لیے نہیں کہ اس میں سیدنا حضرت حسین ؓ کی شہادت ہوئی ہے بلکہ قرآنی تصریح کے مطابق زمین و آسمان کی تخلیق کے وقت ہی سے یہ مہینہ حرمت والا ہے لیکن بعض لوگ محرم کا چاند نظر آتے ہی اس کا پہلا عشرہ واہی تباہی کی نذر کر دیتے ہیں اور اس مہینے کو صرف کربلا کی قصہ گوئی کے لیے مخصوص کر دیا جاتا ہے اور یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ ماہ محرم کا تقدس شاید سانحہ کربلا کی وجہ سے ہے، حالانکہ اس کی حرمت و عظمت کسی واقعے یا سانحے کی مرہون منت نہیں ہے۔ حضرت ابو ہریرہ ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ سے دریافت کیا گیا: رمضان کے بعد کون سا روزہ افضل ہے؟ تو آپ نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ کے ماہ محرم کا۔‘‘ (مسندأحمد:342/2) اس سے معلوم ہوا کہ ماہ محرم کے روزے بہت فضیلت والے ہیں، لہذا اس میں کثرت سے روزے رکھے جائیں، البتہ عاشوراء کا روزہ ان میں سب سے زیادہ مؤکد ہے جسے ثابت کرنے کے لیے امام بخاری ؒ نے مذکورہ عنوان قائم کیا ہے اور احادیث پیش کی ہیں جن کا خلاصہ یہ ہے کہ پہلے آپ نے یہ روزہ رکھنے کا حکم دیا، بعد ازاں حکم وجوب ختم کر دیا جسے حدیث میں ترک سے تعبیر کیا گیا ہے، تاہم اس کا استحباب برقرار رکھا گیا۔ (2) عاشوراء کی تاریخی حیثیت بہت قدیم ہے۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ ؑ اور آپ کی قوم کو فرعون سے اسی عاشوراء کے دن نجات دی تھی تو بنی اسرائیل اس خوشی میں بطور شکرانہ روزہ رکھتے تھے جیسا کہ آئندہ بخاری کی حدیث میں بیان ہو گا۔ یہودی صرف روزہ ہی نہیں رکھتے تھے بلکہ خوشی و مسرت کا اظہار بھی کرتے، چنانچہ حدیث میں ہے کہ اہل خیبر اس دن جشن مناتے اور اپنی عورتوں کو زیورات اور سامان زینت سے مزین کرتے۔ (صحیح مسلم، الصیام، حدیث:2661۔2660(1131)) اس دن اظہار مسرت کے لیے عیسائی بھی یہودیوں کے ساتھ شریک ہوتے اور اس دن کی عظمت کا اظہار کرتے، چنانچہ حدیث میں ہے کہ اس دن کو یہودی اور عیسائی بڑا عظیم خیال کرتے تھے۔ (حوالہ نہیں لکھا ہوا) ایام جاہلیت میں قریش بھی اس دن کو عظیم سمجھتے تھے اور اس عظمت کے پیش نظر کعبہ شریف کو غلاف پہناتے اور اس دن کا روزہ رکھتے تھے، چنانچہ حضرت ابن عباس ؓ فرماتے ہیں کہ زمانۂ جاہلیت میں قریش سے کوئی گناہ سرزد ہو گیا جو ان کے دل میں کانٹے کی حیثیت اختیار کر گیا، انہیں بتایا گیا کہ عاشوراء کی تعظیم اور اس دن کا روزہ رکھنے سے اس گناہ کی تلافی ہو سکتی ہے، (فتح الباري:312/4) چنانچہ حدیث عائشہ میں بیان ہوا ہے کہ قریش دور جاہلیت میں عاشوراء کا روزہ رکھا کرتے تھے اور رسول اللہ ﷺ نے بھی بعثت سے قبل اس دن کا روزہ رکھا۔