تشریح:
(1) امام بخاری ؒ نے انہی الفاظ کے ساتھ ایک عنوان "کتاب الحیض" میں قائم کیا ہے۔ وہاں روایت میں مزید الفاظ ہیں: حضرت عائشہ ؓ نے عصفر کا پانی دیکھا تو فرمایا: رسول اللہ ﷺ کی ایک زوجۂ محترمہ اس طرح کا خون دیکھا کرتی تھی۔ (صحیح البخاري، الحیض، حدیث:309) (2) بعض حضرات نے کہا ہے کہ حدیث میں مذکور ’’عورت‘‘ سے مراد رسول اللہ ﷺ سے تعلق رکھنے والی کوئی خاتون ہے کیونکہ آپ کی ازواج میں کوئی ایسی زوجہ محترمہ نہیں تھی جسے استحاضے کا عارضہ لاحق ہو۔ اس حدیث سے اس موقف کی تردید ہوتی ہے۔ بعض روایات میں صراحت ہے کہ حضرت ام سلمہ ؓ کو یہ عارضہ لاحق تھا اور وہ اسی حالت میں رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ اعتکاف کرتی تھیں۔ (فتح الباري:357/4) واضح رہے کہ مستحاضہ وہ عورت ہے جس کا خون بطور بیماری ہر وقت جاری رہتا ہے۔ ایسی عورت کو نماز اور روزے سے رخصت نہیں بلکہ ایک وضو سے ایک نماز پڑھ سکتی ہے دوسری نماز کے لیے نیا وضو کرنا ہو گا۔