تشریح:
(1) صحیح مسلم میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے شوال کے پہلے عشرے میں اعتکاف کیا جبکہ مذکورہ حدیث میں شوال کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنے کا ذکر ہے، حافظ ابن حجر ؒ نے لکھا ہے: ان میں کوئی تعارض نہیں، آخری عشرے میں اعتکاف کرنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے شوال کے آخری عشرے میں اعتکاف ختم کیا۔ (فتح الباري:351/4) لیکن ایک اشکال پیدا ہوتا ہے کہ پہلے عشرے میں اعتکاف ہو تو وہ تیسرے عشرے میں کیسے ختم ہو سکتا ہے؟ تو اس کا جواب یہ ہو سکتا ہے کہ یحییٰ بن سعید کی روایت میں ہے کہ آپ نے بیس دن کا اعتکاف کیا۔ (سنن أبي داود، الصوم، حدیث:2464) (2) معتکف کو چاہیے کہ وہ 20 رمضان کی شام کو مسجد میں پہنچ جائے اور رات مسجد میں گزارے، اگلے روز نماز فجر سے فراغت کے بعد جائے اعتکاف میں داخل ہو جائے کیونکہ حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ آخری عشرے کا اعتکاف کرتے تھے۔ (صحیح البخاري، الاعتکاف، حدیث:2025) اور آخری عشرہ بیسویں رمضان کو مغرب کے بعد شروع ہو جاتا ہے، نیز حضرت عائشہ ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ جب اعتکاف کا ارادہ فرماتے تو نماز فجر ادا کر کے جائے اعتکاف میں داخل ہو جاتے۔ (جامع الترمذي، الصوم، حدیث:791) مذکورہ حدیث بخاری میں بھی ہے: ’’جب صبح کی نماز پڑھتے تو اس جگہ تشریف لے جاتے جہاں اعتکاف کرنا ہوتا۔‘‘