تشریح:
(1) امام بخاری رحمہ اللہ نے اس عنوان کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے معاملۂ قرض کے ساتھ مقید کیا ہے جبکہ کتاب الاستقراض میں اسے مطلق طور پر بیان کیا ہے،مقصد یہ ہے کہ ادھار پر اشیاء کی خریدوفروخت جائز ہے،اس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خصوصیت نہیں۔(2) دراصل امام بخاری رحمہ اللہ ان حضرات کی تردیدد کرنا چاہتے ہیں جو ادھار کا معاملہ کرنے کو ناجائز کہتے ہیں۔ان کی دلیل سنن ابی داود کی ایک حدیث ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ادھار پر کچھ سامان خریدا، بعد میں فرمایا:"آئندہ میں اس وقت خریدو فروخت کروں گا جب میرے پاس اس کی قیمت ہوگی۔"( سنن ابی داود،البیوع،حدیث:3344)امام بخاری رحمہ اللہ نے اس عنوان اور پیش کردہ حدیث سے اس حدیث کے ضعف کی طرف اشارہ کیا ہے کیونکہ یہودی سے گروی زرہ کے عوض جو خریدنے کا واقعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے آخری حصے میں پیش آیا حتی کہ آپ قیمت ادا کرکے گروی شدہ زرہ واپس نہیں لے سکے تھے۔بہر حال ادھار معاملہ کرنا جائز ہے۔(3) واضح رہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک سود خور یہودی سے قرض کا معاملہ کیا لیکن کسی مسلمان سے قرض نہیں لیا کیونکہ مسلمان عقیدت کی بنا پر آپ کو مفت دے دیتا لیکن آپ کو کسی کا احسان لینا پسند نہیں تھا۔والله اعلم.