تشریح:
1۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے وہیب کی روایت بیان کرکے اس شک کو دور کردیا جو مالک کو ہوا، یعنی روایت میں ’’زندگی کی نہر‘‘ صحیح ہے۔
2۔ اس حدیث سے مرجیہ کی تردید مقصود ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ تصدیق کے بعد اعمال کی کوئی حیثیت نہیں۔ اگرواقعی ایسا ہے کہ اعمال کا کوئی اثر نہیں تو گناہگاروں کو اعمال بد کی وجہ سے جہنم میں کیوں دھکیلا گیا؟ اسی طرح خوارج کی تردید ہے۔ ان کا عقیدہ ہے کہ مرتکب کبیرہ ایمان سے خارج ہوجاتا ہے اور اس نے ہمیشہ دوزخ میں رہناہے۔ اگریہ مؤقف صحیح ہے تو حدیث کے مضمون کے مطابق اہل جہنم کو جہنم سے کیوں نکالا گیا؟( شرح الکرماني: 117/1)
3۔ اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اہل ایمان میں دنیاوی اور اخروی اعتبارسے فرق مراتب ہوگا۔ دنیا میں ہم مشاہدہ کرتے ہیں کہ ایک شخص کو نیک اعمال کرنے کی توفیق ملتی ہے جبکہ دوسرا اس سے محروم رہتاہے ،اخروی اعتبار سے اس طرح کہ جن کے اعمال اونچے درجے کے تھے وہ جہنم سے محفوظ رہ گئے اور جن کے اعمال میں کمی یا کوتاہی تھی انھیں جہنم کی ہوا کھلا کر اس سے نکال لیا جائے گا۔ پھر اس اخراج کے بھی مراتب ہوں گے۔(الف) اعمال جوارح کی وجہ سے۔ (ب)اعمال قلب کی وجہ سے۔(ج) آثار ایمان اور انوار ایمان کی وجہ سے۔(د) نفس ایمان کی وجہ سے یہ آخری قسم ان لوگوں پر مشتمل ہوگی جن کے پاس عمل اور خیر کاادنیٰ حصہ بھی نہ ہوگا اور ایمان بھی اس قدر دھندلا ہو گا کہ سید الانبیاء علیہ السلام کی عمیق نظر بھی اس کو نہ دیکھ سکے گی۔ اللہ تعالیٰ خود ہی ان لوگوں کو نکالے گا۔ ( صحیح مسلم، الإیمان، حدیث: 454(183) )
4۔ اہل کفر پر عذاب انتقاماً ہوگا جبکہ اہل ایمان کو اس لیے جہنم میں ڈالا جائے گا تاکہ انھیں گناہوں کے میل کچیل سے صاف کیا جائے۔ اس کی صورت یہ ہوتی ہے کہ انھیں دنیا میں مصائب وآلام سے دوچار کیا جاتا ہے یا سکرات الموت کی تکالیف ان کی تطہیر کا باعث بنتی ہیں۔ اگر گناہ اس سے بھی زیادہ ہوں تو میدان حشر کی ہولناکیوں سے تدارک کیا جاتا ہے۔اگرمعاصی اس سے بھی زیادہ ہوں تو دوزخ میں ڈال کر انھیں پاک کردیا جائے گا۔