تشریح:
1۔ ان احادیث میں بچوں کے پیشاب کا حکم بیان ہوا ہے۔ اس میں شک نہیں کہ پیشاب بچے کا ہو یا بچی کا دونوں ہی ناپاک ہیں، البتہ حالات وظروف کے پیش نظر بچے کے پیشاب کے متعلق تخفیف ہے۔ بچہ اگر پیشاب کردے تو س پر پانی چھڑک دینا کافی ہے، البتہ بچی کے پیشاب کو دھونا ہوگا۔ جیسا کہ مندرجہ ذیل احادیث میں اس کی صراحت منقول ہے: ’’بچے کے پیشاب پر پانی چھڑکا جائے اور بچی کے پیشاب کو دھویاجائے۔‘‘ (سنن أبي داود، الطھارة، حدیث: 377) لیکن بچے کے لیے شرط یہ ہے کہ وہ دودھ کے علاوہ اور کوئی غذا نہ کھاتاہو۔ حضرت لبابہ بنت حارث رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’بچی کا پیشاب دھویاجائے اور بچے کے پیشاب پر پانی چھڑک دیا جائے۔‘‘ (سنن أبي داود، الطھارۃ، حدیث 375) حضرت ابوالسمح کی روایت میں بچے کے پیشاب پر رش کرنے کے الفاظ ہیں۔ (سنن أبي داود، الطھارة، حدیث: 376) واضح رہے کہ نضح کا استعمال جب کپڑے کے ساتھ ہو تو اس سےمراد تھوڑا تھوڑا پانی بہانا ہوتا ہے، جسے رش (چھڑکنا) بھی کہاجاتا ہے۔
2۔ لڑکے کے پیشاب کے لیے طریقہ تطہیر میں تخفیف کیوں رکھی گئی ہے؟ اس کی وجہ بیان کی گئی ہے کہ لڑکی کے مقابلے میں لڑکے کے ساتھ تعلق خاطر زیادہ ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ لڑکے کواٹھانے والے والدین کے علاوہ دیگرخویش واقارب اور دوست احباب بہت ہوتے ہیں جبکہ لڑکی کو اٹھانے والے اس کے مقابلے میں کم ہوتے ہیں، جب کسی معاملے میں ابتلاء زیادہ ہو تو شریعت اس پر تخفیف کردیتی ہے۔ حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے اس توجیہ کو قوی قراردیا ہے۔ (فتح الباري:427/1) بعض حضرات نے لکھا ہے کہ لڑکے کے مزاج میں حرارت (گرمی) غالب ہوتی ہے جس کی وجہ سے اس کے مزاج میں لطافت ہوتی ہے، اس لطافت کی وجہ سے صرف پانی کا بہادینا کافی ہے، کیونکہ ایسا کرنے سے پیشاب کے اجزاء کپڑے سے نکل جائیں گے، لیکن لڑکی کے مزاج میں برودت (ٹھنڈک) کی وجہ سے کثافت ہوتی ہے، اس بنا پر اس کے پیشاب میں بھی کثافت کے اثرات ہوتے ہیں جو صرف پانی کے بہاؤ سے زائل نہیں ہوتے جب تک انھیں اچھی طرح دھویا نہ جائے۔ بعض حضرات لڑکے اور لڑکی کے پیشاب میں فرق نہیں کرتے، بلکہ کہتے ہیں کہ دونوں کی طہارت دھونے سے ہوگی، حالانکہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے ایک روایت بایں الفاظ مروی ہے کہ آپ نے پیشاب پر پانی بہادیا اور اسے دھویا نہیں۔ (صحیح مسلم، الطھارة، حدیث: 662 (286) ) اور ام قیس والی روایت کے الفاظ یہ ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے پانی چھڑکنے کے علاوہ اور کوئی کام نہیں کیا۔ (صحیح مسلم، الطھارة، حدیث:665 (287) ) بلکہ بعض روایات میں ہے کہ آپ نے ایک ہی دفعہ اس پر پانی بہایا۔ (صحیح مسلم، الطھارة، حدیث:663(286)) لیکن اصلاحی صاحب کے تدبر کا نتیجہ بایں الفاظ ظاہر ہوتا ہے: ’’یہ بات کہ لڑکے اور لڑکیوں کے پیشاب میں کوئی فرق نہیں تو اس کی کوئی علت نہیں۔‘‘ (تدبر حدیث:305/1) ہم نے وضاحت کی ہے کہ یہ رخصت اس وقت تک کے لیے ہے جب بچہ دودھ کے علاوہ اور کوئی چیز نہ کھاتا ہو لیکن اصلاحی صاحب کی سنیے فرماتے ہیں:’’ یہ بات کہ بچہ ابھی کھانا نہیں کھاتا تھا کس کی وضاحت ہے؟ ظاہر ہے کہ یہ بات آنحضرت ﷺ نے نہیں فرمائی۔ یہ بات بچے کی ماں نے کہی یا ابن شہاب نے گھسائی ہے اوراپنا فقہی مذہب روایت میں ڈال دیا ہے۔‘‘ (تدبر حدیث:315/1) ہم عرض کریں گے کہ اس کج بحثی کی یہاں ضرورت ہی کیا ہے کہ کھانا نہ کھانے کی وضاحت کس نے کی ہے؟ اصل مسئلہ توحدیث سے ثابت ہورہا ہے کہ شیر خوار بچے کے پیشاب پر پانی کا بہا دینا یا چھڑک دینا کافی ہے۔ اس کی بابت اصلاحی صاحب کا ’’تدبر‘‘ خاموش ہے، حالانکہ اصل ضرورت تو مسئلے کی نوعیت کو واضح کرنا ہے وہ ان کے’’ تدبر‘‘ میں کہیں بھی نہیں۔ اس سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ان صاحب کا مقصد احادیث کی تشریح وتوضیح نہیں بلکہ صرف یہ ہے کہ ان میں شکوک وشبہات پیدا کرکے یا امام زہری کے خلاف زہر افشانی کرکے انکار حدیث کا راستہ ہموار کیا جائے۔ ھداھم اللہ تعالیٰ۔