تشریح:
(1) اس عورت نے رسول اللہ ﷺ سے عرض کی: میں نے خود کو آپ کے لیے ہبہ کردیا ہے تو گویا اس نے آپ کو اس بات کا وکیل بنایا کہ آپ اس کا نکاح اپنے ساتھ کرلیں یا جس کے ساتھ آپ مناسب خیال کریں اس کے ساتھ کردیں۔ عنوان بھی یہی ہے۔ ہبہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ مہر وغیرہ کا میری طرف سے کوئی مطالبہ نہیں اور میں اپنے آپ کو آپ کے نکاح میں دیتی ہوں لیکن رسول اللہ ﷺ نے اسے قانون کی حوصلہ افزائی نہیں فرمائی بلکہ دوسری روایت میں ہے کہ آپ کچھ دیر سوچتے رہے۔ یہ تردد دیکھ کر ایک شخص نے عرض کی: اللہ کے رسول! آپ اس کا نکاح مجھ سے کردیں۔ (صحیح البخاري، النکاح، حدیث:5135،5126) (2) واضح رہے کہ عورت کا کسی کو اپنا نفس ہبہ کرنا صرف رسول اللہ ﷺ کی خصوصیت ہے، کسی امتی کے لیے اس طرح عورت کا ہبہ جائز نہیں، نیز یہ بھی ثابت ہوا کہ مہر میں تعلیم قرآن بھی طے ہوسکتی ہے۔ والله أعلم.