تشریح:
(1) حافظ ابن حجر ؓ لکھتے ہیں کہ مزارعت کے جواز پر یہ حدیث ایک عمدہ دلیل کی حیثیت رکھتی ہے، اس لیے کہ رسول اللہ ﷺ نے خیبر والوں سے نصف پیداوار پر معاملہ کیا، عمر بھر اسی طریق کار کو قائم رکھا۔ حضرت ابوبکر صدیق ؓ کے دور خلافت میں بھی اسی دستور پر عمل ہوتا رہا یہاں تک کہ حضرت عمر ؓ کا زمانہ آیا تو انہوں نے یہود کو ان کی سازشوں کی وجہ سے بے دخل کر دیا کیونکہ ان سے اس شرط پر معاملہ طے ہوا تھا کہ جب تک ہم چاہیں گے تم یہ کام کرو گے۔ حضرت عمر ؓ نے یہود کی جلا وطنی کے بعد خیبر کی زمین تقسیم کر دی۔ (2) رسول اللہ ﷺ کے عہد مبارک میں ازواج مطہرات کو اَسی (80) وسق کھجور ملتی تھی کیونکہ گھریلو ضروریات کے لیے اس کا استعمال زیادہ تھا اور بیس (20) وسق جو ملتے تھے کیونکہ گھر میں روٹی کبھی کبھار پکائی جاتی تھی۔ حضرت عمر ؓ نے انہیں اختیار دیا کہ چاہیں تو حسب دشوار راشن لیتی رہیں اور چاہیں تو زمین اور پانی قبول کر لیں۔ (3) واضح رہے کہ بٹائی پر زمین کاشت کے لیے دینے میں مالک کا بھی فائدہ ہے کہ وہ محنت کے بغیر پیداوار کا ایک حصہ حاصل کر لیتا ہے اور محنت کرنے والے کے لیے بھی سہولت ہے کہ وہ زمین سے اپنی محنت کے نتیجے میں پیداوار لے لیتا ہے۔ محنت کش انسان کے لیے یہ وہ اعتدال کا راستہ ہے جو اسلام نے پیش کر کے ان کے جملہ مسائل کو حل کر دیا ہے۔