تشریح:
(1) ابواب لقطہ میں اس حدیث کو اس لیے ذکر کیا گیا ہے کہ یہ حدیث بھی احکام لقطہ پر مشتمل ہے۔ اس میں ایک ایسی چیز کا ذکر ہے جس کا حال لقطہ کے حال سے ملتا جلتا ہے، یعنی ایسی بکری کا دودھ پینا جس کا چرواہا تنہا جنگل میں ہے اور اس سے زائد دودھ یقینا بیکار ہو جائے گا، اس لیے یہ بھی ضائع ہونے والی چیز کے حکم میں ہے۔ جس طرح کوڑے اور رسی کو اٹھانا جائز ہے اسی طرح دودھ کا پینا بھی مباح اور جائز ہے کیونکہ اگر وہ پیا نہ جاتا تو وہ ضائع ہو جاتا۔ (عمدة القاري:180/9) لیکن ہمارے رجحان کے مطابق اس کی توجیہ یہ ہے کہ امام بخاری ؒ بعض دفعہ تفہیم مسئلہ کے لیے کسی چیز کی ضد ذکر کر دیتے ہیں جس طرح انہوں نے کتاب الایمان میں کفرونفاق کے مسائل بیان کیے ہیں اور کتاب العلم میں جہالت کا تذکرہ کیا ہے، اسی طرح اس مقام پر باب بلا عنوان کے تحت اس حدیث کو بطور ضد لائے ہیں کہ وہ مال جس کا مالک معلوم ہو وہ لقطہ میں شامل نہیں۔ لیکن اس پر ایک اعتراض ہوتا ہے کہ چرواہا بکریوں کا مالک تو نہ تھا ان کا مالک تو وہ قریشی تھا جسے ابوبکر صدیق ؓ جانتے تھے، تو ان کے لیے اجازت کے بغیر دودھ دوہنا کیسے جائز ہوا؟ اس کا جواب اس طرح دیا گیا ہے کہ آپ نے عرب کے ہاں دستور کے مطابق دودھ استعمال کیا کیونکہ مالک کی طرف سے چرواہوں کو اجازت ہوتی تھی کہ اگر کوئی ضرورت مند ہو تو وہ ضرورت کے مطابق اسے دودھ دے دیا کریں جیسا کہ ہمارے معاشرے میں شوہر کی طرف سے بیوی کو اجازت ہوتی ہے کہ وہ دروازے پر آنے والے سائل کو مٹھی یا دو مٹھی آٹا دے دیا کریں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ حضرت ابوبکر ؓ نے اسے پہچان لیا ہو کہ وہ ان لوگوں میں سے ہے جو دودھ پینے سے منع نہیں کرے گا۔ واللہ أعلم (2) ہمارے ہاں گمشدہ بچوں اور دیگر چیزوں کے متعلق مساجد میں اعلان کیا جاتا ہے، اس اعلان کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ واضح رہے کہ گمشدہ چیز یا بچے یا جانور کا مسجد میں اعلان کرنا شرعاً درست نہیں۔ حدیث میں ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’اگر کوئی مسجد میں اپنی گمشدہ چیز کو تلاش کرتا ہے یا اس کا اعلان کرتا ہے تو اسے ان الفاظ میں جواب دیا جائے: اللہ وہ چیز تجھے واپس نہ کرے کیونکہ مساجد کی تعمیر اس مقصد کے لیے نہیں ہوئی۔‘‘ (صحیح مسلم ،المساجد، حدیث:1260(568)) ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ؤ نے مسجد میں ایک ایسے شخص کو دیکھا جو لوگوں سے اپنے گمشدہ سرخ اونٹ کے متعلق دریافت کر رہا تھا تو آپ نے فرمایا: ’’اللہ کرے تو اپنے اونٹ کو نہ پائے کیونکہ مساجد تعمیر کرنے کا مقصد عبادت الٰہی ہے۔‘‘ (صحیح مسلم، المساجد، حدیث:1262(569)) ایک دوسری حدیث میں ان مقاصد کی وضاحت بھی کر دی گئی ہے جن کے پیش نظر مساجد تعمیر کی جاتی ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’مساجد اللہ کے ذکر، نمازوں کی ادائیگی اور تلاوت قرآن کے لیے بنائی جاتی ہیں۔‘‘ (صحیح مسلم، الطھاة، حدیث:661(285)) رسول اللہ ﷺ نے گمشدہ اشیاء (حیوانات وغیرہ) کو مساجد میں تلاش کرنے اور ان کے متعلق دریافت کرنے سے منع فرمایا ہے، (سنن ابن ماجة، المساجد:766) نیز ایسے شخص کے لیے اس کی گمشدہ چیز نہ ملنے کے متعلق بددعا دینے کی تلقین کی ہے جیسا کہ پہلے بیان ہوا ہے۔ بعض حضرات کا کہنا ہے کہ لفظ ضاله کا اطلاق گمشدہ حیوان پر ہوتا ہے، اس لیے بچوں وغیرہ کی گمشدگی کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ ہمیں اس سے اتفاق نہیں کیونکہ حیوانات کے علاوہ دوسری چیزوں کے لیے بھی اس لفظ کو استعمال کیا جاتا ہے۔ بعض اہل علم نے یہ نکتہ اٹھایا ہے کہ بقائے نفس اور احترام آدمیت کے پیش نظر گمشدہ بچوں کا اعلان مساجد میں جائز ہونا چاہیے، پھر ضروریات، ممنوع احکام کو جائز قرار دے دیتی ہیں، کے تحت لانے کی کوشش کی ہے، یقیناً یہ ضابطہ اور اصول صحیح ہے لیکن یہ اس صورت میں جب اس کا کوئی متبادل انتظام نہ ہو سکتا ہو، اگر اس کے متبادل ممکن ہو تو مساجد میں اعلان کی گنجائش نہیں۔ بہتر اور افضل یہی ہے کہ اس طرح کے اعلانات کے لیے الگ سے کوئی انتظام کیا جائے۔