تشریح:
(1) دورِ جاہلیت میں اس جملے کے ذریعے سے قومی عصبیت کو ہوا دی جاتی تھی کہ ہر حال میں اپنے خاندان، قبیلے اور بھائی کی مدد کی جائے، خواہ وہ ظالم ہو یا مظلوم۔ لیکن رسول اللہ ﷺ نے اس جملے کے مفہوم کو یکسر بدل کر محبت و اخوت کا سبق دیا ہے۔ (2) اہل عرب کے ہاں نصرت کے معنی اعانت کے ہیں لیکن رسول اللہ ﷺ نے اس کی تفسیر یہ فرمائی کہ ظالم کی مدد اسے ظلم سے روکنا ہے کیونکہ اگر اسے ظلم سے نہ روکا گیا تو وہ ظلم کرنے میں مزید آگے بڑھے گا جس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ ایک دن اس سے قصاص لیا جائے گا، لہذا اسے ظلم سے روکنا اسے قصاص سے نجات دلانا ہے اور یہی اس کی مدد ہے۔