تشریح:
عنوان کا مقصد یہ ہے کہ مظلوم جب ظالم کی زیادتی معاف کر دے تو پھر وہ دوبارہ بدلے کا مطالبہ نہیں کر سکتا۔ آیت کریمہ میں متوقع زیادتی کی معافی کا ذکر ہے اس لیے اگر متوقع زیادتی معاف کی جا سکتی ہے تو جو زیادتی اور ظلم ہو چکا ہو اسے معاف کرنا بالاولیٰ جائز ہو گا۔ حضرت سودہ ؓ جب بوڑھی ہو گئیں تو رسول اللہ ﷺ نے طلاق دینے کا ارادہ فرمایا تو انہوں نے اپنا حق چھوڑنے پر صلح کر لی کہ میں اپنی باری حضرت عائشہ ؓ کو ہبہ کرتی ہوں، رسول اللہ ﷺ نے اسے قبول فرما لیا اور انہیں طلاق نہ دی۔ بہرحال اپنا ظلم معاف کرنے کے بعد دوبارہ بدلے کا مطالبہ کرنا جائز نہیں، آیت کریمہ میں اس کا واضح اشارہ ملتا ہے۔ (فتح الباري:127/5)