تشریح:
(1) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’ولاء اس شخص کے لیے ہے جو قیمت ادا کر کے اسے آزاد کرتا ہے۔‘‘ اس کا مطلب یہ ہے کہ ولاء قابل انتقال حق نہیں ہے، یعنی فروخت اور ہبہ کرنے سے دوسرے کو منتقل نہیں ہو سکتا، عنوان کا یہی مقصد ہے۔ (2) علامہ خطابی فرماتے ہیں: ولاء نسب کی طرح ہے، جس نے آزاد کیا ولاء اسی کا حق ہے، جیسے کسی کے ہاں بچہ پیدا ہو تو نسب بھی اسی کا ثابت ہو گا۔ اگر وہ غیر کی طرف منسوب ہو تو اس کے والد سے یہ نسب منتقل نہیں ہو سکتا۔ اسی طرح ولاء بھی اپنے محل سے منتقل نہیں ہو گی، چنانچہ رسول اللہ ﷺ کا فرمان ہے: ’’ولاء بھی نسب کی طرح ایسا رشتہ ہے جسے فروخت نہیں کیا جا سکتا اور نہ اسے بطور ہبہ ہی دیا جا سکتا ہے۔‘‘ (صحیح ابن حبان، البیوع، حدیث:4929)