تشریح:
(1) کبائر سے مراد بہت بڑے گناہ ہیں جن سے شریعت نے منع کیا ہے اور انہیں عمل میں لانے پر بہت سخت وعید سنائی ہے۔ ان احادیث میں چار بڑے بڑے گناہوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان میں سے چوتھا گناہ جسے بیان کرنے سے پہلے آپ نیم دراز تھے، پھر اٹھ کر بیٹھ گئے اور فرمایا: ’’وہ جھوٹی گواہی کا گناہ ہے۔‘‘ (2) عدالتوں میں فیصلے کا دارومدار گواہوں کے بیانات پر ہوتا ہے۔ ایسے حالات میں جھوٹی گواہی دے کر غلط فیصلے کا باعث بننا نامعلوم کتنے خاندانوں کا خون کرنا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے جھوٹی گواہی کی سنگینی اس بنا پر اہتمام سے بیان کی کہ لوگ اس جرم میں بہت بے باک ہوتے ہیں، نیز اس کے نقصان کی لپیٹ میں بے شمار لوگ آ جاتے ہیں، اس لیے ایک مسلمان کو چاہیے کہ اس سے بچے۔ حدیث میں صرف جھوٹی گواہی کا ذکر ہے کیونکہ اس کے ذریعے سے غیر مستحق کے لیے حق ثابت کیا جاتا ہے اور حق دار کا حق تباہ کیا جاتا ہے اور حق کی گواہی چھپانے سے بھی مستحق کا حق تباہ ہوتا ہے، اس لیے ایک کے ذکر کو دوسرے کے لیے کافی خیال کیا گیا ہے۔