تشریح:
(1) اس حدیث کو امام بخاری ؒ نے کتاب الصلح میں بھی بیان کیا ہے۔ وہاں مقصود یہ تھا کہ وہ صلح جو حدود اللہ کے خلاف کی جائے، باطل ہے۔ اس مقام پر امام بخاری ؒ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ ہر وہ شرط جس سے حدود اللہ کو ختم کرنا مقصود ہو، وہ بھی باطل ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے اس قسم کی شرط کو کالعدم قرار دیا ہے کیونکہ حدود، اللہ کا حق ہے جسے بندوں کی باہمی صلح سے ختم نہیں کیا جا سکتا، البتہ جو سزائیں انسانی حقوق کی وجہ سے دی جاتی ہیں ان میں باہمی صلح ہو سکتی ہے جیسا کہ حضرت ربیع بنت نضر ؓ کا واقعہ پہلے بیان ہوا ہے جب انہوں نے ایک جوان عورت کا اگلا دانت توڑ دیا تھا تو دیت دے کر قصاص سے معافی مل گئی۔ (2) واضح رہے کہ حدود کا نفاذ اسلامی حکومت کا کام ہے، کوئی آدمی ازخود انہیں قائم نہیں کر سکتا۔