تشریح:
(1) اس عنوان کا مقصد یہ ہے کہ وقف پر کام کرنے والے لوگ، خواہ وہ مزدور ہوں یا نگران، وکیل ہوں یا دیگر کارندے ان تمام کے اخراجات وقف جائیداد سے پورے کیے جائیں گے۔ پہلی حدیث میں عاملین سے مراد فے والی زمین کے کارندے ہیں، یعنی بنو نضیر، فدک اور خیبر کی زمین کا انتظام جن کے سپرد تھا، ان کی تنخواہیں اور اخراجات ان زمینوں کی پیداوار سے ادا کیے جاتے تھے۔ اسی طرح ازواج مطہرات ؓ کے اخراجات بھی اسی سے پورے کیے جاتے تھے کیونکہ آپ کے بعد انہوں نے کسی سے دوسرا نکاح نہیں کرنا تھا، اس لیے ان کے لیے خرچہ جاری کیا گیا اور حجرات بھی ان کے لیے چھوڑ دیے گئے، اس کے علاوہ جو باقی بچتا اسے صدقے کی مد میں جمع کر دیا جاتا۔ (2) حضرت عمر ؓ کی روایت میں صراحت ہے کہ جو کوئی وقفی جائیداد کا اہتمام کرے گا وہ اپنی محنت کا واجبی سا معاوضہ وقفی جائیداد سے لے سکتا ہے جس سے اخراجات پورے ہو سکیں۔ دوسرے لفظوں میں خصوصیات اور سہولیات و تعیشات کے بجائے ضروریات پوری کرنے کی گنجائش ہے۔ اس کا بہترین حل یہ ہے کہ اپنے لیے ماہانہ تنخواہ مقرر کر لی جائے۔ واللہ أعلم