تشریح:
(1) اس عنوان اور پیش کردہ آثار و احادیث سے دو مسائل کو ثابت کرنا مقصود ہے: ٭ وقف کرنے والا اپنے وقف سے دوسروں کی طرح خود بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے جیسا کہ حضرت عثمان ؓ سے مروی روایت میں ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’کون ہے جو رومہ کا کنواں خرید لے اور دوسرے مسلمانوں کی طرح اپنا ڈول بھی اس میں ڈالے، اسے جنت میں اس سے بھی عمدہ کنواں ملے گا۔‘‘ (جامع الترمذي، المناقب، حدیث:3703) ٭ وقف کرنے والا وقف کرتے وقت اپنے لیے کوئی شرط لگا لے تو یہ بھی جائز ہے، مثلاً: کسی نے ایک گھر وقف کیا اور اس کے ایک کمرے میں خود رہنے کی شرط کر لی تو جائز ہے۔ بہرحال اس میں کسی کو اختلاف نہیں کہ وقف کرنے والا اگر وقف چیز کے بارے میں یہ شرط کر لے کہ وہ خود بھی اس سے فائدہ اٹھائے گا تو اس میں کوئی خرابی نہیں۔ ان احادیث و آثار سے یہ دونوں باتیں صراحت کے ساتھ ثابت ہوتی ہیں۔ (فتح الباري:499/5)