تشریح:
1۔ھبل ایک بت کا نام ہے جوکعبے کے بتوں میں بڑا مانا جاتاتھا، گویا ابوسفیان نے بزعم خویش فتح پرہبل کی جے کا نعرہ بلند کیا کہ آج تیرا غلبہ ہے اور اللہ والے مغلوب ہوگئے ہیں۔ اس کے جواب میں رسول اللہ ﷺنے حقیقت افروز نعرہ بلند کیا کہ (الله أعلى وأجل) جو اس ليے بلند وبرتر ثابت ہواکہ بعد میں ہبل اور دیگر تمام بتوں کاکعبے سے خاتمہ ہوگیا اور اللہ تعالیٰ کا نام وہاں ہمیشہ سے بلند ہورہا ہے۔ 2۔امام بخاری ؒنے اپنا مدعا یوں ثابت کیا ہے کہ حضرت عبداللہ بن جبیر ؓسے ان کے ساتھیوں نے اختلاف کیا اور مورچے سے ہٹ گئے،نتیجے کے طور پر سزاپائی اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جسے قرآن کریم نے ان الفاظ میں بیان کیاہے:﴿وَلَقَدْ صَدَقَكُمُ اللَّـهُ وَعْدَهُ إِذْ تَحُسُّونَهُم بِإِذْنِهِ ۖ حَتَّىٰ إِذَا فَشِلْتُمْ وَتَنَازَعْتُمْ فِي الْأَمْرِ وَعَصَيْتُم مِّن بَعْدِ مَا أَرَاكُم مَّا تُحِبُّونَ ۚ مِنكُم مَّن يُرِيدُ الدُّنْيَا وَمِنكُم مَّن يُرِيدُ الْآخِرَةَ ۚ ثُمَّ صَرَفَكُمْ عَنْهُمْ لِيَبْتَلِيَكُمْ ۖ وَلَقَدْ عَفَا عَنكُمْ ۗ وَاللَّـهُ ذُو فَضْلٍ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ ﴿١٥٢﴾ إِذْ تُصْعِدُونَ وَلَا تَلْوُونَ عَلَىٰ أَحَدٍ وَالرَّسُولُ يَدْعُوكُمْ فِي أُخْرَاكُمْ فَأَثَابَكُمْ غَمًّا بِغَمٍّ لِّكَيْلَا تَحْزَنُوا عَلَىٰ مَا فَاتَكُمْ وَلَا مَا أَصَابَكُمْ ۗ وَاللَّـهُ خَبِيرٌ بِمَا تَعْمَلُونَ﴾ ’’اللہ تعالیٰ نے تم سے اپنا وعده سچا کر دکھایا جبکہ تم اس کے حکم سے انہیں کاٹ رہے تھے۔ یہاں تک کہ جب تم نے پست ہمتی اختیار کی اور کام میں جھگڑنے لگے اور نافرمانی کی، اس کے بعد کہ اس نے تمہاری چاہت کی چیز تمہیں دکھا دی، تم میں سے بعض دنیا چاہتے تھے اور بعض کا اراده آخرت کا تھا تو پھر اس نے تمہیں ان سے پھیر دیا تاکہ تم کو آزمائے اور یقیناً اس نے تمہاری لغزش سے درگزر فرما دیا اور ایمان والوں پر اللہ تعالیٰ بڑے فضل والاہے۔ (152) جب کہ تم چڑھے چلے جا رہے تھے اور کسی طرف توجہ تک نہیں کرتے تھے اور اللہ کے رسول تمہیں تمہارے پیچھے سے آوازیں دے رہے تھے، بس تمہیں غم پر غم پہنچا تاکہ تم فوت شده چیز پر غمگین نہ ہو اور نہ پہنچنے والی (تکلیف) پر اداس ہو، اللہ تعالیٰ تمہارے تمام اعمال سے خبردار ہے۔‘‘ (آل عمران:152، 153) 3۔اللہ تعالیٰ نے اس حادثے میں مسلمانوں کو کئی ایک پریشانیوں سے دوچار کیا:ایک منافقین کے واپس لوٹ جانے کی،دوسری شکست کی،تیسری اپنے شہداء کی،چوتھی اپنے زخمیوں کی،پانچویں رسول اللہ ﷺ کی شہادت کے متعلق جو افواہ پھیلی اورچھٹی اس جنگ کے انجام کی۔ بہرحال نتیجہ یہ ہے کہ اختلاف کرنے سے جنگی طاقت تباہ ہونے کے بعد واقعی دشمن غالب آجاتا ہے۔ واللہ أعلم۔