تشریح:
1۔ اس حدیث سے ثابت ہوا کہ مجاہدین کو مال غنیمت سے بقدر ضرورت کھانے پینے کی اجازت ہے البتہ گدھوں کے گوشت سے تو ان کی حرمت کی وجہ سے منع فرمایا۔ اس لیے نہیں کہ گوشت کے لیے قبل از وقت اجازت نہیں لی گئی تھی۔ 2۔ راوی نے حضرت سعید بن جبیر ؓسے اس لیے پوچھا کہ وہ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے خاص شاگرد تھے اور حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے گدھے کے گوشت کی حلت مروی ہے لیکن سعید بن جبیر ؓ کو دیگرصحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین سے اس کی حرمت کے متعلق تحقیق ہو گئی تھی اس لیے انھوں نے یقین کے ساتھ اس کی حرمت کا فتوی دیا۔ اب اس کی حرمت میں کسی کو اختلاف نہیں بلکہ تمام اہل علم اس کی تحریم پر متفق ہیں۔ 3۔ جن اشیاء کا تعلق غذا سے ہے یا جو چیزیں عادت کے طور پر غذا کا فائدہ دیتی ہیں۔ اسی طرح جانوروں کا گھاس اور چاره وغیرہ ان تمام اشیاء کا تقسیم سے پہلے امام وقت کی اجازت کے بغیر لینا جائز ہے جبکہ مقصود ذخیرہ اندوزیاور مالیت بنانا نہ ہو۔ واللہ أعلم۔