تشریح:
1۔ فرشتوں کے متعلق کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ نفوس مجردہ ہیں جن میں عقل وشعور اور ادراک و احساس نہیں ہوتا۔ یہ مؤقف جمہور اہل سنت کی رائے کے مخالف ہے۔ ان کاکہنا ہے کہ فرشتے اجسام لطیفہ رکھتے ہیں اورمختلف شکلیں اختیار کرسکتے ہیں۔ ان کا مسکن آسمانوں میں ہے اور وہ کبھی اللہ کی نافرمانی نہیں کرتے بلکہ ہروقت وہ اللہ کی عبادت اور اس کی اطاعت میں مصروف رہتے ہیں۔ 2۔ امام بخاری ؒ نے ان احادیث سے جمہور اہل سنت کی تائید کی ہےکہ وہ روحانی مخلوق ہیں۔ اپنی روحانیت کے مطابق کارنامے سرانجام دیتے ہیں۔ انھیں شعور و ادراک حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انھیں گناہ کے کاموں سے نفرت ہوتی ہے۔ جاندار کی تصویر بنانابھی اللہ کے ہاں معصیت ہے اس لیے جس گھر میں تصاویر ہوں اس میں رحمت کے فرشتے داخل نہیں ہوتے۔ نیکی اور بدی سے وہ متاثر نہیں ہوتے ہیں۔ نیکی دیکھ کر خوشی اور بدی دیکھ کر ناخوش ہوتے ہیں جیسا کہ ان احادیث سے ثابت ہوتاہے۔ تصاویر کے متعلق ہم اپنا مؤقف آئندہ بیان کریں گے۔ إن شاء اللہ۔