تشریح:
1۔ تمام امتوں کے مومن جنت میں ہوں گے لیکن بلند منازل صرف اس امت مرحومہ کے اہل ایمان کو ملیں گی کیونکہ تمام رسولوں کی تصدیق صرف انھی سے متصور ہو سکتی ہے جامع ترمذی کی روایت میں ہے۔ کہ حضرت ابو بکر ؓاور حضرت عمر ؓان لوگوں میں سے ہوں گےحضرت علی ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:’’جنت میں بلند منازل ہوں گی جن کا بیرون اندر سے اور اندرون باہر سے دیکھا جائے گا۔‘‘ ایک دیہاتی نے کہا:اللہ کے رسول اللہ ﷺ!یہ منازل کن لوگوں کی ہوں گی فرمایا:’’یہ منازل ان لوگوں کے لیے ہیں جو نرم بات کرتے ہیں۔ ہمیشہ روزے سے رہتے ہیں اور رات کو اٹھ کر نماز پڑھتے ہیں جبکہ تمام لوگ سورہے ہوتے ہیں‘‘ (جامع الترمذي، البر و الصلة، حدیث:1984) 2۔ واضح رہے کہ جنت میں تمام اہل ایمان اللہ اور اس کے رسول اللہ ﷺ کی تصدیق کرنے والے ہی ہوں گے لیکن یہ لوگ مذکورہ صفت کے باعث ان سے ممتاز اور نمایاں ہوں گے کیونکہ انھوں نےایمان وتصدیق کا حق ادا کیا ہوگا۔ (عمدة القاري:610/10)