تشریح:
1۔ اس حدیث میں رسول اللہ ﷺ کے جتنے اوامر ہیں وہ استحباب پر محمول ہیں۔ ان پر عمل کرنے سے انسان تکلیفوں سے محفوظ رہتاہے۔ 2۔ برتنوں کو ڈھانپنے کے کئی فوائد ہیں:وہ شیطاطین اور ان کی نجاستوں سے محفوظ رہتے ہیں۔ ان میں کیڑے مکوڑے داخل نہیں ہوتے اور وبائی امراض بھی ان سے دور رہتی ہیں۔ اگرکوئی ڈھکن وغیرہ نہ ملے تو برتن پر کوئی لکڑی وغیرہ رکھ دی جائے۔ چراغ بجھادینے کا حکم اس لیے دیا کہ چوہے کی شرارت سے گھر کے جلنے کا اندیشہ ہے۔ اگرقندیل یا بجلی کا بلب ہے جس کی وجہ سے جلنے جلانے تک معاملہ نہ پہنچے تو کوئی حرج نہیں۔ بہرحال بجلی کی اشیاء کو بھی بجھادینابہتر ہے کیونکہ کسی تار کے شارٹ ہونے سے آگ لگنے کا خطرہ بدستور موجود رہتا ہے۔ 3۔ واضح رہے کہ جن اور شیطان کی حقیقت ایک ہے، البتہ ان کی صفات مختلف ہیں۔ روایت میں دونوں کا ذکرصحیح ہے۔