تشریح:
1۔ عورتوں کی تخلیق میں ٹیڑھا پن ہے لہٰذا اسی حالت میں ان سے فائدہ اٹھاؤ اور انھیں اپنے مزاج کے مطابق سیدھا کرنے کی کوشش نہ کرو کیونکہ ہو سکتا ہے کہ وہ اپنے اصلی مزاج کے اعتبار سے تمھارےخیالات سے اتفاق نہ کریں اور جھگڑے تک نوبت پہنچ جائے تو ان میں جدائی کا باعث بن جائے چنانچہ ایک حدیث میں اس کی وضاحت ہے رسول اللہ ﷺ نےفرمایا:’’اگر تم اسے سیدھا کرنا چاہو گے تو اسے توڑ بیٹھو گے اوراس کا ٹوٹنا یہ ہے کہ اسے طلاق ہو جائے گی۔‘‘ (صحیح مسلم، الرضاع، حدیث:3643(715) اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ عورت کا ٹیڑھا پن اس کے اوپر والے حصے یعنی زبان میں ہے یہ زبان سےاپنے ٹیڑھے پن کا اظہارکرے گی۔ نیز عورت زبان کے متعلق اصلاحی تربیت قبول کرنے پر جلدی آمادہ نہیں ہوتی بلکہ بعض اوقات معاملہ پہلے سے زیادہ تیز ہو جاتا ہے لہٰذا اس کے ٹیڑھے پن پر صبر کرنا چاہیے اسی میں خیرو برکت ہے۔ 2۔ واضح رہے کہ کہ عورت کا ضرورت سے زیادہ خاموش رہنا اور شہادت حق کے وقت اپنی زبان پر مہرسکوت لگالینا بھی اس ٹیڑھے پن کے برگ و بار ہیں۔ زبان کے متعلق اس قسم کے افراط وتفریط کا اکثر عورتیں ہی شکارہوتی ہیں۔