تشریح:
1۔ حضرت ہاجرہ ؓ کی بیٹی تھیں جسے اس نے حصول برکت کے لیے حضرت ابراہیم ؑ کے حرم میں دے دیا تھا۔ یہی عرب کی والدہ ہیں اور انھیں آسمان کا پانی پینے والا کہا گیا ہے کیونکہ اہل عرب کا زیادہ تر گزارا بارش کے پانی پر ہی تھا۔ اگرچہ آج کل کنویں اور نہریں بنادی گئیں ہیں اور یہ سب سعودی حکومت کے کارنامے ہیں۔ ﴿أيَّدَهُ اللهُ بِنَصْرِهِ العَزِيز﴾ 2۔حضرت ابراہیم ؑ کے متعلق ارشاد باری تعالیٰ ہے:’’وہ انتہائی سچے انسان اور ایک نبی تھے۔‘‘ (مریم:19/41) بعض لوگوں نے اس آیت کریمہ کے پیش نظر صحیح بخاری مذکورہ حدیث پر اعتراض کرتے اور اس کی صحت کے متعلق زبان درازی کرتے ہوئے لکھا ہے:ایک گروہ روایت پرستی میں غلو کرکے اس حد تک پہنچ جاتا ہے کہ اسے بخاری ومسلم کے چند راویوں کی صداقت زیادہ عزیز ہے اور اسے اس بات کی پروا نہیں کہ اس سے ایک نبی پر جھوٹ بولنے کا الزام عائد ہوتا ہے، حالانکہ ان تین میں سے دو کا ذکر قرآن کریم میں ہے۔ بتوں کو آپ نے توڑا لیکن پوچھنے پر آپ نے کہہ دیا: ’’اس بڑے بہت نے انھیں توڑا ہے۔‘‘ (الأنبیاء:21/63) اسی طرح جب ان کی قوم جشن منانے کے لیے باہرگئی تو آپ کوساتھ لے جانے کو کہا، آپ نے کہہ دیا:’’میں بیمار ہوں۔‘‘ (الصفت:89/37) پھر اس وقت جاکر ان کے بت بھی توڑڈالے تو پھر بیمار کیسے تھے؟ کیا یہ باتیں خلاف واقعہ نہیں تھیں؟ دراصل معترضین کا اصل رخ قرآن کریم کی طرف ہونا چاہیے نہ کہ تکذیب حدیث کی طرف پھر رسول اللہ ﷺ نے آغاز حدیث میں یہ الفاظ فرمائے ہیں کہ سیدنا ابراہیم ؑ نے کبھی جھوٹ نہیں بولا، یہ ان کے فی الواقع صدیق ہونے کی بہت بڑی شہادت ہے۔ کہ ان سے 175 سالہ زندگی میں تین سے زیادہ مرتبہ خلاف واقعہ بات سرزد نہیں ہوئی جبکہ ہم لوگ ساری زندگی میں نہیں بلکہ ایک دن رات میں کئی مرتبہ جھوٹ بولتے ہیں۔ اعتراض کرنے والے خود ہی فیصلہ کریں کہ ایک شخص اپنی طویل ترزندگی میں تین سے زیادہ مرتبہ خلاف واقعہ نہ بولے تو اسے صدیق کہا جاسکتا یا نہیں؟ پھر ان تینوں کرنے کے لیے کہیں جیسا کہ حدیث بالا سے ثابت ہے۔ سارہ کا واقعہ اگرچہ یہ بھی اللہ کے لیے تھا لیکن اس میں کچھ حظ انسان بھی پایا جاتا ہے۔ یہ بات بھی انھوں نے اپنی جان بچانے کے لیے کہی تھی۔ اس بادشاہ کادستور تھا کہ وہ حسین عورت کو زبردستی چھین لیتا۔ اگر اس کے ساتھ اس کا خاوند ہوتاتو اسے مروا ڈالتا اور اگر اس کے ساتھ اس کا بھائی یا کوئی دوسرا رشتے دار ہوتا تو اس سے صرف عورت چھینتا مگر اس کی جان لینے سے درگزر کرتاتھا۔ اگرحضرت ابراہیم ؑ نے اپنی جان بچانے کے لیے خلاف واقعہ بات کی تو اس میں کون سی قیامت آگئی۔ حالانکہ وہ بھی ایک طرح سے جھوٹ نہیں بنتا جیسا کہ حدیث کے الفاظ بتا رہے کہ وہ آپ کی دینی بہن تھی۔ اگرجان بچانے کی خاطر مردار کھانا جائز ہےتو خلاف واقعہ بولنے کی اجازت کیوں نہیں۔ جان بچانے کے لیے تو اللہ تعالیٰ نے کلمہ کفر تک کہنے کی بھی اجازت دی ہے بشرط یہ کہ دل میں ایسی کوئی بات نہ ہو۔ (النحل:106/16) ہمیشہ سچ بولنا، جھوٹ اور خلاف واقعہ بات سے پرہیز کرنا ایک شرعی حکم ہے، تاہم بعض اوقات شریعت میں خلاف واقعہ بات کی اجازت دی گئی ہے، مثلاً:میاں بیوی کے درمیان صلح کرانے کے لیے باتیں بنانے اور خلاف واقعہ باتیں کرنے کی اجازت ہے کیونکہ اس میں خیر اور اصلاح کا پہلو نمایاں ہوتاہے، اسی طرح جہاد میں دشمن کو ہراساں کرنے کے لیے بھی ایسی باتوں کی اجازت ہے، جو خلاف واقعہ ہوں، حالانکہ لغوی اعتبار سے ان باتوں پر بھی کذب کا اطلاق ہوسکتا ہے۔بہرحال کسی دینی مقصد کے لیے بطورتعریض والزام ایسی گفتگو کرنا جو بظاہر خلاف واقعہ ہوایسا جھوٹ نہیں جس پر وعید آئی ہو۔ ایسا کرنا نہ صرف جائز بلکہ بعض اوقات ضروری ہوتا ہے۔ ایسی گفتگو کو ظاہر اعتبار سے توجھوٹ کہا جاسکتا ہے لیکن حقیقت میں یہ جھوٹ نہیں بلکہ اسے توریہ کہا جاتا ہے۔ بہرحال یہ حدیث حضرت ابراہیم ؑ کی عظمت کی دلیل ہے، اسی لیے امام بخاری ؒ نے اسے بیان فرمایا ہے۔ اس پر طعن یا اس کی صحت سے انکار کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں بلکہ سب بے بنیاد باتیں ہیں جو منکرین حدیث نے حدیث سے نفرت پیدا کرنے کے لیے مشہور کررکھی ہیں۔