تشریح:
1۔ اس روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت مسروق کا اُم رومان رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے سماع ثابت ہے چنانچہ ایک روایت میں ہےکہ مجھ سے اُم رومان رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے بیان کیا۔ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث:4691) اس لیے یہ کہنا کہ مسروق کا سماع رومان رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے ثابت نہیں محل نظر ہے۔ 2۔ اس حدیث میں برادران یوسف کا ذکر ہے۔ اس لیے امام بخاری ؒ نے اسے یہاں ذکر کیا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اس سے آپ نے اس حدیث کے دوسرے طریق کی طرف اشارہ کیا ہو جس میں حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے فرمایا: مجھے دوران گفتگو میں حضرت یعقوب ؑ کا نام یاد نہ آیا تو میں نے یوسف کا باپ کہہ دیا۔ (صحیح البخاري، المغازي، حدیث:4141) حضرت یعقوب ؑ کے سامنے جب برادران یوسف نے جعلی خون سے آلودہ قمیص پیش کی اور کہا: یوسف کو بھیڑیے نے لقمہ بنا لیا ہے تو انھوں نے اپنے بیٹوں کو کچھ نہ کہا اور نہ انھیں کوئی طعن و ملامت ہی کی۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ کوئی غلط حرکت کر بیٹھیں صرف اتنا ہی کہا: میری فریاد تو اللہ ہی سے ہے اور میں اسی سے مدد چاہتا ہوں۔ امی عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے بھی اللہ ہی سے فریاد کی تو اللہ تعالیٰ نے ان کی براءت میں قرآن مجید کی اٹھارہ آیات نازل فرمائیں۔