تشریح:
1۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے۔ ’’آپ اپنے پروردگار کے حکم کے انتظار میں صبر کریں اور مچھلی والے کی طرح نہ ہو جائیں جب انھوں نے پکارا تو وہ غم سے بھرے ہوئے تھے۔‘‘ (القلم:68۔48)حضرت یونس ؑ نے اپنی قوم کی مخالفت سے تنگ آکر بے صبری کا مظاہرہ کیا تھا انھیں وحی الٰہی کا انتظار کیے بغیر خود ہی عذاب کی دھمکی دے دی تھی اور پھر وہاں سے اذان الٰہی کے بغیر ہی چل دیے تھے۔ 2۔ سیدنا یونس ؑ کو اپنی اجتہادی غلطی کا احساس تو نینواسے نکلنے کے فوراً بعدہی ہو گیا تھا۔ چنانچہ ان واقعات سے ان کے ایک کمزور پہلو کی نشاندہی ہوتی ہے اس لیے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:’’تمام انبیاء ؑ نبی ہونے کے اعتبار سے برابر ہیں۔ خاص طور پر حضرت یونس ؑ کے متعلق کوئی اس انداز سے تبصرہ نہ کرے کہ ان کی تنقیص کا پہلو نمایاں ہو۔‘‘ مندرجہ بالا احادیث کا مطالعہ ہمارے بیان کردہ پس منظر میں کیا جائے۔ ایک حدیث میں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:’’جس نے مجھے یونس بن متی پر فضیلت دی اس نے جھوٹ بولا۔‘‘ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث:4604) 3۔ اجتہادی غلطی حضرات انبیاء ؑ سے ہو سکتی ہے لیکن اللہ تعالیٰ ان کی فوراً اصلاح فرما دیتا ہے اور انھیں اس غلطی پر برقرار نہیں رہنے دیا جاتا کیونکہ مقربین کی معمولی لغزش بھی اللہ کے ہاں بڑی اور قابل مؤاخذہ ہوتی ہے اسی بنا پر ان حضرات کا اللہ تعالیٰ مؤاخذہ کرتا ہے۔