تشریح:
1۔حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عیسیٰ ؑ کا حلیہ بیان کرتے ہوئے فرمایا:’’وہ سرخ رنگ کے تھے‘‘ جبکہ حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اس سے انکار کرتے ہیں ممکن ہے کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضرت عیسیٰ ؑ کے متعلق ان الفاظ میں نہ سنا ہو یا سننے کے بعد سہو ونسیان کا شکار ہوگئے ہوں۔ حافظ ابن حجر ؒ نے دونوں روایات کو اس طرح جمع کیا ہے کہ حضرت عیسیٰ ؑ خالص سرخ رنگ کے نہ تھے بلکہ اس میں سفیدی بھی تھی کیونکہ عرب کے ہاں احمر اس سفید آدمی کو کہتے ہیں جس میں رنگ کی ملاوٹ ہو اور آدم،گندم گوں رنگ والے کو کہا جاتا ہے۔ بلکہ ایک روایت میں صراحت ہے کہ آپ کے رنگ میں سرخ اور سفید کی جھلک تھی۔ (سنن أبي داود، الملاحم، حدیث:4324 و فتح الباري:593/6) 2۔ابن قطن کا نام عبدالعزیٰ بن قطن بن عمرو بن جندب ہے اور اس کی ماں کا نام ہالہ بنت خویلد ہے۔ واللہ أعلم۔