تشریح:
زمانہ جاہلیت میں جہینہ، مزینہ، اسلام اور غفار کے قبیلے، بنوتمیم، بنواسد، بنوعبداللہ بن غطفان اور بنوعامر بن صعصعہ وغیرہ قبائل سے کم درجہ خیال کیے جاتے تھے۔ جب اسلام آیاتو انھوں نے اسے قبول کرنے میں پہل کی۔ اس شرف فضیلت میں بنوتمیم وغیرہ قبائل سے یہ لوگ آگے بڑھ گئے۔ غفار قبیلے سے حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے بھائی حضرت انیس غفاری سب سے پہلے مسلمان ہوئے۔ جہینہ سے عقبہ بن عامر جہنی پہلے مسلمان ہوئے۔ مزینہ قبیلے سے عبداللہ بن مغفل مزنی، ایاس بن ہلال اور ان کے بیٹے قرہ بن ایاس نے پہلے اسلام قبول کیا۔ اسی طرح اشجع قبیلے سے پہلے اسلام لانے والے نعیم بن مسعود اشجعی ہیں۔ بہرحال ان پانچوں قبائل جہینہ، مزینہ، اسلام غفار اور اشجع کا تعلق مضر سے ہے اور ان کے مقابلے میں تمیم، اسد، غطفان اور ہوازن بھی مضر سے ہیں۔ واللہ أعلم۔ (فتح الباري:664/6)