تشریح:
1۔اُمیہ بن خلف ایک لحیم وجسیم اور اہل مکہ کا سردار تھا جبکہ حضرت سعد بن معاذ ؓ انصار کے سرادر تھے۔ان دونوں سرداروں کے درمیان دورجاہلیت سے بھائی چارہ چلا آرہاتھا۔جب امیہ تجارت کے لیے شام کی طرف جاتا تو مدینے میں ان کے پاس ٹھہرتا اور جب حضرت سعد ؓ مکہ تشریف لے جاتے تو اس کے پاس قیام کرتے۔2۔یہ حدیث نبوت کی دلیل ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے امیہ کو قتل کی خبر دی تو وہ بدر میں موت کے گھاٹ اتاردیاگیا۔اس کے علاوہ رسول اللہ ﷺ نے قریش کے سرداروں کے خلاف بددعا بھی کی تھی جن میں امیہ بھی شامل تھا۔حضرت ابن مسعود ؓ کہتے ہیں کہ میں نے ان تمام لوگوں کو میدان بدر میں مرے ہوئے دیکھاکہ انھیں گھسیٹ کر ایک اندھے کنویں میں پھینکا جارہا تھا۔امیہ چونکہ بھاری بھرکم تھا جب اسے گھسیٹنے لگے تو اس کا جسم ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا۔چنانچہ اسے وہیں رہنے دیاگیا۔(صحیح البخاري، الجزیة، حدیث:3185)3۔حضرت سعد بن معاذ ؓ کو غزوہ خندق میں رگ اکحل پر تیر لگا جو جان لیوا ثابت ہوا۔اس کی تفصیل بھی احادیث میں موجود ہے۔4۔جب حضرت سعد نے امیہ کو خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ اسے قتل کریں گے تو اس نے پوچھا:کیا مکہ میں قتل کریں گے؟حضرت سعد نے فرمایا:مجھے اس بات کا علم نہیں ہے کہ وہ کہاں قتل کریں گے۔(صحیح البخاري، المغازي، حدیث:3950)اس بنا پر امیہ مکہ سے نہیں نکلتا تھا۔جب کفار قریش بدر کی طرف نکلتے تو اس نے پختہ ارادہ کرلیا تھا کہ وہ کفار کے ساتھ مکہ سے باہر نہیں جائے گا۔عقبہ بن ابی معیط نے اسے طعنہ دیاکہ سردارتو عورتوں کی طرح گھرمیں بیٹھ گیا ہے ،پھر وہ بادل نخواستہ ان کے ساتھ جانے پر آمادہ ہوا۔(فتح الباري:355/7)