تشریح:
1۔ جمہور محدثین کے نزدیک طرف الثوب کے یہی معنی ہیں کہ صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین ثوب ملبوس کے فاضل حصے پر سجدہ کرتے تھے۔ 2۔ امام شافعی ؒ ثوب ملبوس کے فاضل حصے پر سجدے کی اجازت نہیں دیتے، کیونکہ ایسا کپڑا نمازی کے ساتھ نماز میں شامل ہے، گویا وہ نمازی کے بدن کا حصہ ہے، اس لیے ایسے ثوب ملبوس پر سجدہ زمین پر سجدہ نہیں۔ بلکہ اپنے حصے پر سجدہ ہے جس کی اجازت نہیں۔ ان کےنزدیک طرف الثوب سے مراد یا تو وہ کپڑا ہے جو نماز کے بدن پر نہ ہو اگر بدن پر نہ ہو اگر بدن پر ہو تو وہ اتنی گنجائش رکھتا ہو کہ اس کا سجدے کی جگہ پر ڈالا گیا حصہ نمازی کی حرکت سے متحرک نہ ہو لیکن جمہور کے نزدیک سجدے میں نماز کا پہنا ہوا کپڑا اور دوسرے کپڑے میں کوئی فرق نہیں، کیونکہ اس دور میں صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کی مجموعی حالت یہ تھی کہ ان کے پاس تو پہننے کے کپڑے بھی پورے نہ تھے چہ جائیکہ فاضل کپڑے ہوں جنھیں محل سجدہ میں ڈال لیا کریں اور نہ بدن کے کپڑے میں اتنی کشادگی کا امکان ہی ہے کہ نمازی کی حرکت سے وہ متحرک نہ ہو۔ اس لیے یہ فرق قابل قبول نہیں۔ عنوان میں حضرت حسن بصری ؒ کے اثر سے جمہور کے موقف کی تائید ہوتی ہے۔