تشریح:
1۔ یہ اللہ تعالیٰ کی قدرت ہے کہ اس نے ہڈی کو جنات کی اورگوبر کو ان کے حیوانات کی خوراک بنادیا ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ جنات کھاتے پیتے ہیں۔
2۔ نصیبین آج کل یہ الجزیرہ کے نام سے مشہور ہے۔ یہ تاریخی شہر جنوبی ترکی میں شامی سرحد پر واقع ہے۔ اس کے بالمقابل سرحد پارشام کا شہر القامثلی ہے۔ شمالی عراق کے شہر موصل او رنصیبین کا درمیانی فاصلہ تقریباً اڑھائی سوکلومیٹر ہے۔ تفصیل کے لیے دیکھیے: اٹلس فتوحات اسلامیہ (طبع دارالسلام) ص:135۔
3۔ رسول اللہ ﷺ کے پاس جن کئی مرتبہ حاضر ہوئے۔ ایک بار بطن نخلہ میں جہاں آپ قرآن مجید پڑھ رہے تھے ان کی تعداد سات تھی۔ ان میں سے ایک کا نام زوبعہ تھا۔ دوسری مرتبہ جحون میں۔ تیسری مرتبہ بقیع میں۔ ان راتوں میں حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ آپ کے ہمراہ تھے۔چوتھی مرتبہ مدینہ طیبہ کے باہر۔ اس وقت آپ کے ساتھ حضرت زبیر بن عوام ؓ تھے۔ پانچویں مرتبہ ایک سفر کے دوران میں جبکہ آپ کے ساتھ حضرت بلال ؓ تھے۔ (فتح الباري:216/7) جنات کا وجود قرآن وحدیث سے ثابت ہے۔جو لوگ ان کاانکار کرتے ہیں یا انھیں پہاڑی مخلوق خیال کرتے ہیں وہ مسلمان کہلوانے کےباوجود قرآن وحدیث کا انکار کرتے ہیں۔