تشریح:
1۔ اس سے پہلی روایت میں تھا کہ جو شخص تین چیزوں کو بجالاتاہے، اس سے اللہ اوراس کے رسول ﷺ کا عہد قائم ہوجاتاہے۔ اس روایت میں کلمہ طیبہ کے اقرار کا اضافہ ہے اور اس عہد کی تشریح اور وضاحت بھی ہے جو پہلی حدیث میں قائم ہواتھا کہ ایسے شخص کے مال وجان کے بلاوجہ درپے ہونا، اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے عہد (ذمے) میں دخل اندازی کرنا ہے۔ ہاں اگرایسے شخص پر مال یا جان کا تاوان یا قصاص واجب ہوتو وہ اس سے ضرور وصول کیا جائےگا اور ایسا کرنا ذمے اور عہد کے خلاف نہیں ہوگا۔ 2۔ اس روایت میں حمید طویل حضرت انس ؓ سے بصیغہ عن بیان کرتے ہیں۔ اس طرح سند میں عنعنة آجائے تواشتباہ پیدا ہوجاتا ہے۔ امام بخاری ؒ اس کے بعد ایک سند لاکر اس اشتباہ کو ختم کرتے ہیں، کیونکہ اس میں تحدیث کی تصریح ہے، بلکہ اگلی روایت میں مزید وضاحت کردی کہ واقعی حمید الطویل نے حضرت انس ؓ سے بلاواسطہ اس حدیث کو بیان کیا ہے، کیونکہ ان کی موجودگی میں حضرت میمون بن سیاہ نے حضرت انس ؓ سے سوال کیا، چنانچہ اسے بیان کیا جاتا ہے۔