تشریح:
1۔ اس روایت سے استقبال قبلہ کی اہمیت کا پتہ چلتا ہے کہ واقعہ مذکور میں دورکعات پڑھی جاسکتی تھیں، جب معلوم ہواکہ قبلے کے متعلق تبدیلی کا حکم آچکا ہے، اب یہ نہیں ہواکہ اس نماز کو ناتمام چھوڑ کرنئے سرے سے بیت اللہ کی طرف رخ کرکے نماز پڑھتے اور یہ بھی نہیں ہوا کہ اس نماز کو بیت المقدس ہی کی طرف رخ کیے ہوئے پورا کرلیتے بلکہ استقبال کعبہ کی اہمیت کے پیش نظر دوران نماز ہی میں اسی وقت رخ بدل دیا گیا، حالانکہ اس تبدیلی میں یقیناً بہت زیادہ دشواری ہوئی ہوگی، خاص طور پر امام کے لیے بہت مشکل تھا، کیونکہ بیت المقدس کی طرف نماز پڑھنے میں رخ شمال کی طرف تھا اور اب اس کے برعکس جنوب کی طرف متوجہ ہونا پڑا۔ بہرحال دشواری تویقیناً ہوئی، لیکن قبلہ اسی حالت میں درست کیا گیا۔ حافظ ابن حجر ؒ نے اس تحویل کی کیفیت بایں الفاظ بیان کی ہے: ’’امام مسجد کے اگلے حصے سے پچھلے حصے کی طرف منتقل ہوا کیونکہ وہیں کھڑے کھڑے رخ پھیرلیا جاتا تو آدمیوں کے لیے پیچھے کھڑے ہونے کی جگہ نہ تھی،پھرآدمیوں نے اپنے رخ تبدیل کیے ،عورتیں چل کرآدمیوں کے پیچھے آئیں۔‘‘ (فتح الباری:656/1) 2۔ رسول اللہ ﷺ جب مکہ سے مدینہ تشریف لائے تو مدینے میں اکثر یہودی آباد تھے جو بیت المقدس کی طرف منہ کرکے نماز پڑھتے تھے۔ آپ کو کیا حکم ہوا کہ بیت المقدس کی طرف منہ کرکے نماز پڑھیں، اس سے یہودی بہت خوش ہوئے، لیکن آپ کی دلی خواہش تھی کہ قبلہ ابراہیم ؑ یعنی بیت اللہ کی طرف منہ کرکے نماز پڑھیں، چنانچہ آپ آسمان کی طرف منہ کیے اس حکم کا انتظار کرتے۔ آپ کو تبدیلی قبلہ کا اس لیے بھی انتظار رہتا کہ یہودی اکثر کہا کرتے تھے کہ یہ نبی دیگراحکام میں ہماری مخالفت کرنے کے باوجود ہمارے قبلے کی طرف منہ کرکے نماز پڑھنے پر مجبورہے۔ بالاخر سترماہ کے بعد تحویل قبلہ کا حکم آگیا۔ رسول اللہ ﷺ کو بیت المقدس کی طرف رخ کرنے کا بھی حکم ہواتھا۔ وہ آپ کااجتہاد یا اہل کتاب کی تالیف قلبی کی خاطر نہ تھا۔ بعض روایات سے پتہ چلتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ مکہ مکرمہ ہی میں تھے کہ آپ کو بیت المقدس کی طرف رخ کرکے نماز پڑھنے کا حکم دیا گیا۔ مکہ مکرمہ میں تین سال اسی طرح منہ کرکے نماز پڑھتے رہے اور نماز پڑھتے وقت آپ کعبے کو بھی اپنے سامنے کرلیتے، لیکن مدینہ پہنچ کر ایسا ممکن نہیں تھا، کیونکہ بیت اللہ اور بیت المقدس کی سمتیں باہم مخالف ہوگئیں تھیں، اس لیے آپ کو انتظار رہتا کہ کب اللہ تعالیٰ اس کی تبدیلی کا حکم دے، بالآخر آپ کی خواہش کے مطابق تبدیلی قبلہ کا حکم آگیا۔ (فتح الباري:651/1) 3۔ تحویل قبلہ کا حکم کس مسجد اور کس نماز میں ہوا؟اس کے متعلق مختلف روایات ہیں: طبقات ابن سعد میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ اپنی مسجد میں نماز ظہر پڑھا رہے تھے کہ تحویل کعبہ کے متعلق وحی آئی۔ آپ نے دوران نماز ہی میں کعبے کی طرف منہ کرلیا۔یہ بھی کہاجاتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ ایک دن حضرت بشر بن براء ؓ کی والدہ کے ہاں قبیلہ بنو سلمہ میں گئے تو اس نے آپ کے لیے دعوت طعام کا اہتمام کیا، وہیں نماز ظہر کا وقت ہوگیا تو آپ نے بنو سلمہ کی مقامی مسجد ہی میں نماز پڑھنے کا پروگرام بنایا، ابھی دورکعت ہی پڑھی تھیں کہ کعبے کی طرف منہ کرکے نماز پڑھنے کاحکم آگیا، چنانچہ آپ دوران نماز ہی میں بیت اللہ کی طرف پھرگئے، اس بنا پر مسجد بنو سلمہ کا نام مسجد قبلتین مشہور ہوا، کیونکہ اس مسجد میں ایک ہی نماز دوقبلوں کی طرف منہ کرکے مکمل کی گئی۔ حضرت بشر بن عباد وہاں نماز پڑھ کرعصر کے وقت بنوحارثہ کی مسجد میں گئے تو وہ عصر کی دورکعت پڑھ چکے تھے۔ آپ نے دوران نماز ہی میں نمازیوں کو تبدیلی کعبہ کی اطلاع کردی تو انھوں نے بھی اسی حالت میں قبلے کی طرف منہ کرلیا۔ (فتح الباري:651/1) چونکہ بنو حارثہ مدینے کے اندر ہی آباد تھے، اس لیے انھیں نماز عصر کے وقت اطلاع ہوگئی۔ البتہ اہل قباء جو مدینے کے باہر تھے، کے پاس صبح کی نماز کے دوران میں اطلاع پہنچی۔ انھوں نے بھی دوران نماز ہی میں بیت اللہ کی طرف منہ کرلیا۔ (فتح الباري: 655-656/1)