تشریح:
حضرت انس ؓ کی روایت میں بلغم، حضرت ابن عمر ؓ سے مروی حدیث میں تھوک اور حضرت عائشہ ؓ کی روایت میں شک کے طور پر ناک کی رطوبت، تھوک اور بلغم کاذکر ہے۔ امام بخاری ؒ ان تینوں روایات کولاکر یہ بتاناچاہتے ہیں کہ منہ کا تھوک ہویاناک کی رطوبت یا سینے کا بلغم، تینوں ہی قابل نفرت چیزیں ہیں اور مسجد کے معاملے میں ان کا حکم برابر ہے۔ یہ چیزیں مسجد کے فرش پر نظر آئیں یا دیوار قبلہ پر، ترہوں یا خشک، احترام مسجد کے پیش نظر ضروری ہے کہ انھیں فوراً دور کردیا جائے، یہ ہر دیکھنے والے کے ذمے داری ہے، مسجد کے خادم یا مؤذن کا انتظار نہ کیا جائے۔ اس سے نمازیوں کو بھی تکلیف ہوتی ہے، لہذا انھیں کسی صورت میں بھی برقرار نہ رکھا جائے۔