تشریح:
1۔ جانبین سے محبت حقیقت پرمبنی ہے۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادرہے وہ جمادات میں محبت کا جذبہ پیدا کرسکتا ہے۔ جیسا کہ قرآن میں ہے: ’’دنیا کی ہر چیز اللہ کی تسبیح کرتی ہے لیکن تم ان کی تسبیح کو نہیں سمجھتے۔‘‘ (بنی اسرائیل:44:17) کنکریوں کا تسبیح کرنا بھی ثابت ہے، نیز مسجد نبوی میں رکھے ہوئے کھجور کے تنے نے رسول اللہ ﷺ کی جدائی کے وقت رونا شروع کردیا تھا جسے تمام حاضرین نے سنا۔ اسی طرح اُحد پہاڑ بھی اہل اسلام سے محبت کرتا ہے۔ اور اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت کاملہ سے جبل احد میں طبع ایمانی رکھ دی جس کی بنا پر وہ محبت کرتا ہے۔ واللہ اعلم۔
2۔ یاد رہے کہ اللہ تعالیٰ نے جس دن سے آسمانوں اورزمین کو پیدا کیا ہے اسی دن سے مکہ کوحرم بنایا ہے اورقیامت تک اس کی حرمت باقی رہے گی، البتہ حضرت ابراہیم ؑ نے اس کی حرمت کا اظہار کیا تھا۔