تشریح:
1۔ حضرت ابوموسیٰ اشعری ؓ اس کلمے کو بطور وظیفہ پڑھ رہے تھے، یا لوگوں کے چلانے اور شور مچانے کی وجہ سے اسے پڑھتے تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کلمے کو جنت کا خزانہ قراردیاہے کیونکہ اس میں اپنی قوت واستطاعت کی مطلق طورپر نفی ہے اوراللہ کی طرف اس کی نسبت بطورحصر ہے کہ زمین وآسمان کی بادشاہت میں اللہ کی قوت کےعلاوہ اور کوئی چیز ہی نہیں ہے۔ بندے کی طرف سے اس قسم کا اعتراف وہ مقام عبودیت ہے جو بندے کے لیے خصوصی مقام اور اعلیٰ عبادت ہے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ اس میں تمام اُمور اللہ تعالیٰ کےسپرد کیے جاتے ہیں اور بندہ انتہائی عاجزی کے ساتھ اقرارکرتا ہے کہ وہ اپنے کسی کام کا مالک نہیں۔ اس کلمے کو بطور مجاز جنت کا خزانہ قراردیاگیا ہے کہ اسے پڑھنے سے جنت کے خزانے حاصل ہوں گے یا حقیقی معنی ہیں کہ یہ کلمہ قیامت کے دن جنت کا خزانہ بن جائے گا کیونکہ جو چیز دنیا میں مرغوب فیہا ہے وہ آخرت کے اعتبار سے خزانہ ہے، اس لیے ممکن ہے کہ یہ کلمہ ہی خزانہ ہو۔
2۔ اس حدیث کےسیاق سے معلوم ہوتا ہے کہ مذکورہ واقعہ خیبر جاتے ہوئے پیش آیا، حالانکہ یہ واقعہ خیبر سے واپسی کا ہے کیونکہ حضرت ابوموسیٰ اشعری ؓ فتح خیبر کے بعد حضرت جعفر طیار ؓ کے ہمراہ حبشے سےواپس آئے تھے جیسا کہ احادیث میں اس کی صراحت ہے، گویا مذکورہ حدیث میں کچھ عبارت حذف ہے۔ کہ رسول اللہ ﷺ خیبر کی طرف متوجہ ہوئے، اس کا محاصرہ کیا، پھر اس فتح کرنے کے بعد واپس لوٹے تو لوگ ایک اونچے ٹیلے پر چڑھے اور انھوں نے نعرہ تکبیر بلند کیا۔۔۔ (فتح الباري:587/7)