تشریح:
1۔بسااوقات انسان ذاتی طور پر اپنے مقاصد پر نظر رکھتا ہے اور جو مفاسد اس سے لازم آتے ہیں، اس کی طرف اس کی نظر نہیں جاتی، اس بنا پرحضرت اسامہ ؓ نے یہ تمنا اس لیے کی تھی کہ وہ اس جرم عظیم سے بری ہوجائیں اور مذکورہ عتاب سے محفوظ رہیں، اس خوف کی بنا پر ہ تمنا تھی، یعنی انھیں ایسے اسلام کی تمناتھی جس میں گناہ نہ ہو۔ حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں:ان کی تمنا تھی کہ وہ آج مسلمان ہوتے تاکہ مذکورہ گناہ عظیم اسلام لانے کی وجہ سے معاف ہوجاتا کیونکہ اسلام لانے سے پہلے گناہ معاف ہوجاتے ہیں، الغرض انھیں یہ گناہ مٹانے کی تمناہوئی عدم اسلام کی تمنا نہیں تھی۔ (فتح الباري:244/12) حضرت اسامہ ؓ نے اسے درج ذیل آیت کے پیش نظر قتل کیاتھا:’’جب ہمارے عذاب کو دیکھ لیں تو ان کا ایمان لانا انھیں کوئی فائدہ نہیں دے گا۔‘‘ (المؤمن:85:40۔) رسول اللہ ﷺ نے حضرت اسامہ ؓ کو اس وجہ سے معذور خیال کیا اور ان پردیت وغیرہ واجب نہ کی۔ مؤرخین کے ہاں مشہور ہے کہ اس غزوے میں حضرت غالب بن عبداللہ لیثی ؓ امیر تھے اور اسی موقع پر یہ آیت نازل ہوئی تھی:’’جب تمھیں کوئی اسلام کہے تو تم اسے یہ نہ کہو کہ تو مومن نہیں۔‘‘ (النساء:94:4۔) اور جس شخص کو حضرت اسامہ ؓ نے قتل کیا تھا اس کا نام مرداس بن نہیک اور وہ بکریوں کا چروایا تھا۔ (فتح الباري:242/12۔) واللہ اعلم۔