تشریح:
1۔ام ہانی ؓ کانام فاختہ ہے۔ اور یہ حضرت علی ؓ کی حقیقی بہن ہیں۔ رسول اللہ ﷺ کی ان سے قریبی رشتے داری تھی، اس لیے آپ نے ان کے گھر میں غسل فرمایا اورنماز چاشت پڑھی۔ (عمدة القاري:274/12۔)2۔رسول اللہ ﷺ کا مستقل قیام توخیف بنوکنانہ میں تھا جہاں کفار قریش نے کفرپر جمے رہنے کی قسمیں اٹھائی تھیں اور وہ شعب ابی طالب کے سامنے تھا جہاں مسلمانوں کو کافی مدت تک بائیکاٹ کے نتیجے میں محبوس ہوناپڑا۔ حضرت ام ہانی ؓ کے گھر میں رسول اکرم ﷺ کامستقل قیام نہیں تھا، وہاں آپ ﷺ نے صرف غسل کیا اور اشراق پڑھی، پھرخیف کی طرف واپس چلے گئے جہاں آپ کے لیے خیمہ نصب تھا۔اسے وادی محصب بھی کہتے ہیں۔ (فتح الباري:25/8۔)