تشریح:
1۔اس حدیث سے ثابت ہوا کہ نابالغ بچہ فرائض اور نوافل میں امام بن سکتا ہے بشرطیکہ وہ سمجھ دار ہو جبکہ بعض لوگوں نے بلا وجہ اس موقف سے اختلاف کیا ہے، انھوں نے فرائض میں بچے کی امامت کو جائز نہیں رکھا۔ 2۔عربوں کی قمیص تہبند کاکام بھی دیتی ہے، غالباً اسی وجہ سے روایت میں صرف کرتا بنانے کا ذکر ہے وہ ٹخنوں تک لمبا ہوتا اگر تہبند نہ ہو تب بھی جسم چھپ جاتا ہے چونکہ وحی کا زمانہ نہ تھا اگر ایسا کرناناجائز ہوتا تو اسے کسی صورت میں برقرار نہ رکھا جاتا۔ اسے حدیث تقریری حکمی کا نام دیا جا سکتا ہے واللہ اعلم۔ 3۔حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں:جن حضرات نے نابالغ بچے کی امامت کے خلاف موقف اختیار کیا ہے انھوں نے یہ کہہ کر انصاف سے کام نہیں لیا کہ مذکورہ واقعے میں اہل چشمہ نے اپنے اجتہاد سے عمرو بن سلمہ ؓ کو امام بنایا، اس پر رسول اللہ ﷺ نے اطلاع نہیں پائی اور نہ آپ نے اسے برقرار ہی رکھا حالانکہ زمانہ وحی میں کسی بھی ناجائز کام کو برقرارنہیں رکھا جا سکتا۔ (فتح الباري:30/8)