تشریح:
1۔ حافظ ابن حجر ؒ نے لکھا ہے کہ حضرت قیس بن سعد ؓ نے جب لوگوں کی بھوک دیکھی تو کہنے لگے: کوئی ہے جو مجھے یہاں اونٹ دے دے،میں مدینے پہنچ کر کھجوروں سے اس کی ادائیگی کردوں گا؟ قبیلہ جہینہ کے ایک آدمی نے کہا کہ تو کون ہے؟ انھوں نے اپنا نسب بیان کیا تو جہنی نے کہا: میں نے تجھے پہچان لیا ہے، پھرانھوں نے پانچ اونٹ پانچ وسق کھجور کے بدلے خرید لیے، پھر صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کی ایک جماعت نے اس کے لیے گواہی بھی دی لیکن حضرت عمر ؓ نے انھیں روک دیا کیونکہ حضرت قیس بن سعد ؓ کا اپنا کوئی مال نہیں تھا۔ ایک اعرابی نے طعنہ دیا کہ کیا باپ اپنے بیٹے کے لیے چند وسق کھجوروں کی قربانی نہیں دے سکتا؟ یہ طعنہ سن کر ان کے باپ حضرت سعد بن عبادہ ؓ نے انھیں چار باغ ہبہ کردیے۔ ہرایک باغ سے کم از کم پچاس وسق کھجوریں پیدا ہوتی تھیں۔ جب اس مہم سے فارغ ہوکر مدینہ طیبہ آئے اور رسول اللہ ﷺ سے حضرت قیس ؓ کی سخاوت کا ذکر ہوا توآپ نے فرمایا: ’’سخاوت تو اس گھرانے کا طرہ امتیاز ہے۔‘‘ (فتح الباری:102/8)
2۔ بہرحال اس حدیث میں حضرت قیس بن سعدبن عبادہ ؓ کی فیاضی اوردریا دلی کا بیان ہے جنھوں نے ایسے حالات میں متعدد اونٹ ذبح کرکے لشکر کوکھلائے، بالآخر امیر لشکر نے انھیں منع کردیا کہ کہیں ایس نہ ہواونٹ ختم ہی ہوجائیں اور دوران سفر میں دشواری پیش آئے۔ واللہ اعلم۔