1۔ اس حدیث کی عنوان سے مناسبت اس طرح ہے کہ اس حدیث میں حضرت علقمہ کا ذکر خیر ہے جن کا تعلق یمن کے مشہور قبیلے نخع سے ہے۔ حضرت عبد اللہ بن مسعود ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک دفعہ قبیلہ نخع کے لیے اس قدر دعا کی یا اس قدر تعریف فرمائی کہ مجھے قبیلہ نخع سے ہونے کا شوق لا حق ہوا۔ (مسند أحمد:84/4۔ والسلسلة الصحیحة للألباني، حدیث:3435) اس کے برعکس زیدبن حدیر قبیلہ بنو اسد سے ہیں جس کی رسول اللہ ﷺ نے مذمت فرمائی کہ قبیلہ جہینہ بنو اسد اور غطفان سے بہتر ہے۔ اسی فضیلت کی وجہ سے حضرت عبد اللہ بن مسعود ؓ نے حضرت علقمہ کی قرآءت کو ترجیح دی۔
2۔ حضرت عبد اللہ بن مسعود ؓ کے نزدیک شاگرد ہونے کے اعتبار سے دونوں برابر حیثیت رکھتے تھے لیکن علقمہ کی اصل زید کی اصل سے بہت تھی اس سے حضرت علقمہ کی فضیلت ثابت ہوتی ہے۔ اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ دین اسلام کے کچھ احکام صحابہ کرام ؓ سے مخفی تھے تاہم جب انھیں اس کی حقیقت کا پتہ چلتا تو اس سے فوراً رجوع کر لیتے۔ (فتح الباري:126/8)