تشریح:
1۔ معؤذات سے مراد قرآن مجید کی آخری دو سورتیں ہیں، ویسے معوذہ سے مراد وہ کلمات ہیں جن کے ذریعے سے شیاطین بیماریوں اور دیگر تکلیفوں سے پناہ مانگی جاتی ہے۔ حضرت عائشہ ؓ کا طریقہ یہ ہوتا تھا کہ معوذات پڑھ کر دم کرتیں پھر نبی ﷺ کا برکت والا ہاتھ آپ کے بدن پر پھیرتی تھیں۔
2۔ رسول اللہ ﷺ ہر رات ایسا کرتے تھے کہ پہلے آخری تین سورتیں پڑھ کر دم کرتے پھر ہاتھ پر پھونک مار کر اسے بدن پر پھیرتے تھے رسول اللہ ﷺ کا طریقہ کار اس طرح پربیان ہوا ہے کہ جب آپ اپنے بستر پر تشریف لاتے تو آخری تین سورتیں پڑھتے پھر ہاتھوں پر پھونک مار کر انھیں اپنے بدن پر پھیرتے۔ پہلے سر اور چہرے پر پھر جسم کے اگلے حصے پر پھیرتے۔ (صحیح البخاري، فضائل القرآن، حدیث:5017) دم کا یہ طریقہ امام زہری ؒ نے بیان کیا ہے۔ (صحیح البخاري، الطب، حدیث:5735)