تشریح:
1۔ حافظ ابن حجر ؒ نے ابن ابی حاتم کے حوالے سے اس آیت کا شان نزول ذکر کیا ہے کہ حضرت جابر ؓ کی چچا زاد بدصورت تھی اور وہ اپنے والد کی میراث پانے کی وجہ سے مال دار بھی تھی۔ حضرت جابر ؓ کے ہاں وہ زیر کفالت بھی تھی۔ بد صورت ہونے کی وجہ سے حضرت جابر ؓ اس سے نکاح کرنے میں کوئی رغبت نہیں ر کھتے تھے لیکن کسی سے نکاح کردینے میں بھی رضا مند نہ تھے کیونکہ اس طرح اس کا مال اس کے شوہر کو مل جاتا۔ اس کے متعلق یہ آیت نازل ہوئی۔ (الأنفال:60/8)
2۔ عربی زبان میں "رغب" کا لفظ صلہ کے اعتبار سے دو معنوں میں استعمال ہوتاہے: اگر اس کے بعد في ہو تو اس کے معنی ہیں: رغبت کرنا اور شوق رکھنا اور اگر اس کے بعد عن آ جائے تو یہ رو گردانی اورنفرت کرنے کے معنی میں استعمال ہوتا ہے۔ آیت کریمہ میں دونوں معنوں کے گنجائش کے پیش نظر اس کاصلہ حذف کر دیا گیا ہے۔ اس میں رغبت کرنا اور نفرت کرنا دونوں معنی مقصود ہیں کیونکہ دورجاہلیت میں یتیم لڑکیوں کے ساتھ دوقسم کا ظلم روا رکھا جاتا تھا: اگر وہ مال دار صاحب جمال ہوتی تو خود سرپرست اس کے ساتھ نکاح کرنے میں رغبت رکھتا اورنکاح کرلیتا لیکن یتیم ہونے کی وجہ سے حق مہر دینے میں بخل اور بے انصافی کی جاتی اور گروہ مال دار ہونے کے ساتھ ساتھ بدصورت ہوتی تو اس کے ساتھ نکاح کرنے سے نفرت کی جاتی اورآگے اس کا نکاح کردینے میں بھی کوئی دلچسپی نہ رکھی جاتی تاکہ اس کا مال ہاتھ سے نہ نکل جائے۔ اس آیت کریمہ سے دونوں قسم کے ظلم وستم کا سد باب کیا گیا ہے اورقرآن کریم کا یہ اعجاز ہے کہ اس میں نفرت اور دلچسپی دونوں معنوں کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ واللہ اعلم۔