تشریح:
1۔ ایک روایت میں ہے کہ مکمل سورت جو آخر میں نازل ہوئی وہ سورہ براءت ہے، آخری خاتمہ سورت جو نازل ہوا وہ سورۃ النساء کا خاتمہ ہے۔ (صحیح البخاري، المغازي، حدیث:4364)
2۔ حضرت ابن عباس ؓ سے مروی ہے کہ سب سے آخر میں آیۃ الربا نازل ہوئی جبکہ مذکورہ حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ آخری آیت کلالہ ہے۔ ان دونوں احادیث میں مندرجہ ذیل طریقے سے تطبیق دی گئی ہے۔ © میراث کے متعلق نازل ہونے والی آخری آیت کلالہ ہے اورحلت و حرمت کے متعلق آخری آیت آیۃ الربا ہے۔ © مذکورہ دونوں حکم رسول اللہ ﷺ کی زندگی کے آخری سال میں نازل ہوئے اس لیے دونوں پر آخری ہونے کا اطلاق کیا گیا ہے۔ © حضرت براء بن عازب اور حضرت ابن عباس ؓ نے رسول اللہ ﷺ سے نقل نہیں فرمایا بلکہ انھوں نے اپنے اپنے اجتہاد سے ایسا کہا ہے۔ واللہ اعلم۔
3۔ آخری سورت سے مراد اس کا بیشتر حصہ ہے کیونکہ سورہ براءت کا زیادہ حصہ غزوہ تبوک میں نازل ہوا جو رسول اللہ ﷺ کا آخری آخری غزوہ ہے۔ واللہ أعلم و علمه أتم۔