تشریح:
دوسری منزل :دوسری منزل شرف الروحاء کے نام سے ذکر کی گئی ہے۔ مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ جاتے وقت اس آبادی کا بالائی حصہ شرف الروحاء کہلاتا ہے اورآبادی سے نکلتے ہوئے جو حصہ آتا ہے اسے منصرف الروحاء کہاجاتا ہے۔ یہاں دو مسجدیں ہیں: ایک تو اہل علاقہ کے لیے ہے جو بڑی ہے اور دوسری چھوٹی مسجد ہے۔ اس دوسری منزل میں رسول اللہ ﷺ کی نماز کی جگہ ایک ہی تھی۔ حضرت ابن عمر ؓ مقام روحاء سے دوپہر ڈھلنے کے بعد چلتے، مگر ظہر اس جگہ آکر پڑھتے۔ اسی طرح مکہ مکرمہ سے واپسی کے موقع پر اگر آخر شب ادھر سے گزرتے تویہیں قیام کرتے اور فجر کی نماز اس جگہ ادا کرتے۔ روحاء میں یہ دونوں مساجد باقی ہیں اور انھیں اس علاقے کے لوگ جانتے ہیں۔ حضرت عبداللہ بن عمر ؓ کے بیان کے مطابق یہ چھوٹی مسجد بھی رسول الله ﷺ کے نماز پڑھنے کی جگہ پر تعمیر نہیں ہوئی۔