تشریح:
1۔ عورتوں سے بیعت لیتے وقت ان کا ہاتھ پکڑنا یا ان سے مصافحہ کرنا جائز نہیں، البتہ مردوں سے بیعت لیتے وقت ہاتھ پر ہاتھ رکھنا درست ہے۔ پہلے ایک حدیث میں اس امر کی وضاحت تھی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیعت کرتے وقت کسی عورت کا ہاتھ نہیں چھوا۔ آپ ان سے صرف زبانی بیعت لیتے تھے۔ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث:4891)
2۔ ویسے تو عورت کا میت پر رونا دھونا اور اس کے محاسن بیان کرنا نوحہ کہلاتا ہے لیکن اسلام میں دو مزید چیزیں بھی نوحے میں شامل ہیں۔ ایک یہ کہ کسی خاص گھر یا مسجد میں تعزیت کے لیے جمع ہونا۔ دوسرا یہ کہ میت کے گھر والوں کی طرف سے تعزیت کے لیے آنے والوں کا کھانا تیار کرنا چنانچہ حضرت جریر بن عبداللہ الجبلی فرماتے ہیں اہل میت کے گھر جمع ہونے اور دفن کے بعد ان کے ہاں کھانا تیار کرنے کو ہم نوحہ شمار کرتے تھے۔ (مسند أحمد: 204/2)
3۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نوحہ خوانی کو دور جاہلیت کی یاد قراردیتے ہوئے فرمایا ہے۔’’ نوحہ کرنے والی اگر توبہ کرنے سے پہلے مرجائے تو قیامت کے دن اسے گندھک کی قمیص اور خارش کی اوڑھنی پہنائی جائے گی۔‘‘ (صحیح مسلم، الجنائز ، حدیث: 2160۔(934))