تشریح:
1۔ حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے نسائی کے حوالے سے لکھا ہے کہ یہ واقعہ غزوہ تبوک سے واپسی پر پیش آیا۔ (السنن الکبری للنسائي:492/6/8۔ رقم:11597) لیکن اہل مغازی کا رجحان ہے کہ یہ واقعہ غزوہ بنی مصطلق میں ہوا، اس کی تائید آئندہ آنے والی حدیث جابر سے بھی ہوتی ہے۔ (فتح الباري:821/8)
2۔ واضح رہے کہ شہادت دو چیزوں سے مرکب ہوتی ہے: ایک وہ اصل بات جس کی شہادت دی جائے، دوسرے اس بات کے متعلق شہادت دینے کا عقیدہ ہے۔ اب اگر بات بجائے خود بھی سچی ہو شہادت دینے والا کا عقیدہ بھی وہی ہو جسے زبان سے بیان کررہا ہے تو ہر لحاظ سے وہ سچا ہوگا جیسا کہ زید بن ارقم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی عبداللہ بن ابی کے متعلق شہادت تھی اور اگر بات اپنی جگہ جھوٹی ہو لیکن شہادت دینے والا اس کے حق ہونے کا عقیدہ رکھتا ہو تو ہم ایک لحاظ سے اسے سچا کہیں گے کیونکہ وہ اپنا عقیدہ بیان کرنے میں صادق ہے اور دوسرے لحاظ سے اسے جھوٹا کہیں گے کیونکہ جس بات کی وہ شہادت دے رہاہے وہ بجائے خود غلط ہے۔ اس کے برعکس اگر بات اپنی جگہ سچی ہو لیکن شہادت دینے والے کا اپنا عقیدہ اس کےخلاف ہو جیسا کہ منافقین کی شہادت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق بیان ہوئی ہے تو اس لحاظ سے اسے جھوٹا کہیں گے کہ اس کا اپنا عقیدہ وہ نہیں جس کا وہ زبان سے اظہار کررہا ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے منافقین کو جھوٹا قرار دیا ہے۔